میر واعظ عمر فاروق کا شہید مولوی محمد فاروق، شہید عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو شاندار خراج عقیدت

ہفتہ شہادت کے پروگراموں کا اعلان

ہفتہ 13 مئی 2017 12:34

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے ممتاز آزادی پسند رہنما میرواعظ مولوی محمد فاروق کو انکی شہادت کی 27ویں برسی پر شاندار خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بار بھی ہفتہ شہادت بھر پور جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میں عوامی اجتماع سے خطاب میں 16 مئی سے شروع ہونے والے ہفتہ شہادت کے پروگراموں کی تفصیل بتاتے ہوئے نے کہا کہ ہفتہ شہادت کی تقریبات کا آغاز عوامی مجلس عمل کے مرکزی اور تمام ضلعی و تحصیل دفاتر پر صبح 10 بجے قرآن خوانی اور دعائیہ مجالس کے اہتمام سے ہوگا جبکہ بعدازاں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے زیر اہتمام مقابلہ حسن قرا ت کی پٴْر شکوہ محفل میرواعظ منزل سرینگر پر منعقد ہوگی۔

(جاری ہے)

17 مئی بروز بدھوار کو حریت فورم کے زیر اہتمام صدر دفتر پر ’’تنازعہ کشمیر کا حل :امن کا نقیب استحکام کا ضامن‘‘ کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار منعقد ہوگا۔18 مئی بروزجمعرات کو انجمن نصرت الاسلام کے زیر اہتمام صبح ساڑے دس بجے اسلامیہ ہائیر سیکنڈری سکول راجوری کدل کے آڈیٹوریم میں ’’ ایک صالح سماج کی تعمیر میں طلباء کا کردار‘‘ کے عنوان سے ایک تعلیمی سیمینارمنعقد ہوگا جبکہ اس موقعہ پر مجلہ نصرت الاسلام کا خصوصی شہید ملت نمبر2017 ء کا اجرا بھی کیا جائیگا۔

19 مئی بروز جمعتہ المبارک کو جموںوکشمیر عوامی مجلس کے زیر اہتمام صبح ساڑے نو بجے سے مرکزی جامع مسجد سرینگر کے احاطے میں عطیہ خون اور مفت طبی کیمپ کا انعقاد ہوگا جس میں وادی کے سرکردہ معالج حضرات بیماروںکا مفت طبی معائنہ کریں گے جبکہ اس موقعہ پر مریضوںمیں مفت ادویات تقسیم کی جائیں گی۔20 مئی بروز ہفتہ عوامی مجلس عمل کے زیر اہتمام تنظیم کے مرکزی دفتر میرواعظ منزل راجوری کدل پر بعد نماز ظہر تنظیم کے کارکنان کی عظیم الشان ریلی منعقد ہوگی۔

21 مئی بروز اتوار کو شہید میرواعظ مولوی محمد فاروق ، شہدائے حول، شہید خواجہ عبدالغنی لون اور جملہ شہدائے کشمیر کی یاد میں مشترکہ مزاحمتی قیادت کے پروگرام کے تحت پورے جموںوکشمیرمیں مکمل ہڑتال کی جائے گی جبکہ بعد نماز ظہر مزار شہداء عیدگاہ سرینگر میں اجتماعی فاتحہ خوانی اور اس کے بعد مشترکہ مزاحمتی قیادت کے زیر اہتمام مزار شہداء عیدگاہ سرینگر پر ایک جلسہ عام منعقد ہوگا۔

میرواعظ عمر فاروق نے اس موقع پر اپنے خطاب میں بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر مظالم اور نوجوانوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کٹھ پتلی حکومت پر زور دیا کہ وہ مزاحمتی قیادت کے پرامن پروگراموںکو طاقت کے بل پر روکنے سے گریز کرے۔یاد رہے کہ21مئی 1990 کو نامعلوم مسلح افراد نے سرینگر میں میر واعظ مولوی محمد فاروق کو گولی مار دی تھی جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے تھے ۔ اسی دن بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے علاقے حول میں ان کے جنازے پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 70سوگواروں کو قتل کر دیا تھا ۔ 12برس بعد2002میں اسی دن نامعلوم حملہ آوروں نے خواجہ عبدالغنی لون کو اس وقت شہید کر دیا تھاجب وہ مزار شہداء سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے بعد واپس آ رہے تھے۔

متعلقہ عنوان :