ایس ای سی پی اور سٹیٹ بینک نے الیکٹرانک آئی پی اوکا جدید نظام متعارف کروا دیا

ہفتہ 13 مئی 2017 15:26

ایس ای سی پی اور سٹیٹ بینک نے الیکٹرانک آئی پی اوکا جدید نظام متعارف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2017ء) کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کو مزید آسان اور سہل بنانے کے لئے، سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان اور سٹیٹ بینک آف پاکستان نے باہمی تعاون سے الیکٹرانک آئی پی او کا جدید نظام متعارف کروا دیا ہے۔ اس نظام کے تحت کمپنیوں کی جانب سے ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے دوران فروخت کے لئے پیش کئے جانے والے حصص کی خریداری کے لئے درخواستیں آن لائن دی جا سکیں گی۔

یہ سینٹر لائزیڈ الیکٹرانک آپی پی سسٹم، ایس ای سی پی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات اور گائیڈلائن کے مطابق، ون لنک گارنٹی لمیٹڈ اور سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی نے تکنیکی معاونت سے تشکیل دیا ہے۔ اس نئے آن لائن نظام سے آئی پی او میں حصص کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والے عوام اور سرمایہ کار، جن کا کہ کسی بھی شیڈول بینک میں اکاؤنٹ ہو، قومی شناختی کارڈ نمبر کی مدد سے کسی بھی وقت اس سسٹم کے لئے بنائے گئے ویب پورٹل؛ www․cdceipo․com پر جا کر اپنا اندارج کروا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

آئندہ صرف سی ڈی سی کے الیکٹرانک آئی پی او میں رجسٹرڈ افراد ہی آئی پی او کے تحت حصص کی خریداری کیلئے درخواستیں دے سکیں گے۔ مزید ازاں، سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے الیکٹرانک ڈیوڈنڈ کا نظام لانے کیلئے کام کر رہی ہے۔ ای ڈیوڈنڈ کے نظام کے ذریعے، سرمایہ کاروں کو ان کا منافع اور ڈیوڈنڈ براہ راست ان کے بنک اکاؤنٹ میں منتقل کیا جا سکے گا۔

الیکٹرانک آئی پی او کے متعارف ہونے سے کپیٹل مارکیٹ تک عوام کی رسائی آسان ہو جائے گی اور مارکیٹ کا دائرہ پھیل جائیگا جبکہ دوسری طرف الیکٹرنک ڈیوڈنڈ کے نظام سے سرمایہ کاروں کو ان کا منافع بغیر کسی مشکل کے گھر بیٹھے ان کے بینک اکاؤنٹ میں موصول ہو جائے گا۔ ایس ای سی پی، سٹیٹ بینک کے تعاون سے جدید بینکنگ سسٹم کے ذریعے کپیٹل مارکیٹ تک رسائی اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے مستقل اقدامات کر رہا ہے تاکہ ملک کی معاشی ترقی سے حاصل ہونے والے فوائد میں سٹاک مارکیٹ کے ذریعے عام عوام کو بھی شریک کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :