ڈومنیکا ٹیسٹ کا تیسرا روز، ویسٹ انڈیز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز بنا لئے، روسٹن چیز کی نصف سنچری، یاسر شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں

ہفتہ 13 مئی 2017 16:48

روسیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2017ء) ویسٹ انڈیز نے ڈومنیکا ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز بنا لئے اور اسے اب بھی 158 رنز خسارے کا سامنا ہے۔ روسٹن چیز 60 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ یاسر شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق ونڈسر پارک، روسیو میں ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 11 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو کریگ براتھویٹ 5 اور کیرن پائول 9 رنز پر کھیل رہے تھے۔

43 کے مجموعی سکور پر میزبان ٹیم کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب کیرن پائول 31 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ شمرون ہیٹمیئر اور کریگ براتھویٹ کو بھی بالترتیب 17 اور 29 کے انفرادی سکور پر یاسر شاہ نے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرایا۔

(جاری ہے)

شائی ہوپ اور روسٹن چیز نے چوتھی وکٹ میں 55 رنز کا اضافہ کیا۔ ہوپ 29 رنز بناکر اظہر علی کی گیند پر مصباح الحق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

روسٹن چیز 60 رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ 189 کے مجموعی سکور پر ویسٹ انڈیز کی پانچویں وکٹ گر گئی جب وشال سنگھ 8 رنز بناکر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس کے بعد شین ڈورچ اور جیسن ہولڈر نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور کھیل کے اختتام پر ٹیم کا سکور 218 تک پہنچا دیا۔ ڈورچ 20 اور ہولڈر 11 پر ناٹ آئوٹ ہیں۔ یاسر شاہ نے تین جبکہ اظہر علی اور محمد عباس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز کو اب بھی 158 رنزکے خسارے کا سامنا ہے۔

متعلقہ عنوان :