مولانا سمیع الحق کی مستونگ حملے کی شدید مذمت ،معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

ایسے اقدامات کا کوئی مسلمان تو کیا کوئی درندہ صفت انسان بھی سوچ نہیں سکتا، عبدالغفور حیدری پرحملہ پاکستان کی پارلیمان پر حملہ ہے، سربراہ جمعیت علماء اسلام (س)

ہفتہ 13 مئی 2017 21:02

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2017ء) جمعیت علماء اسلام (س)کے سربراہ اور دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے مستونگ میں مولانا عبدالغفور حیدری پر حملے کی سخت مذمت کی اورمعصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات کا کوئی مسلمان تو کیا کوئی درندہ صفت انسان بھی سوچ نہیں سکتا، مولانا سمیع الحق نے کہاکہ عبدالغفور حیدری پرحملہ پاکستان کی پارلیمان پر حملہ ہے۔

مولانا نے کہا کہ دہشت گرد ایسے بزدلانہ حملے کرکے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ مولانا سمیع الحق نے کہاکہ دشمن پاکستان میں انتشار پھیلانے کا خواہاں ہے ہمیں اندرونی و بیرونی دشمنوں پر نظر رکھنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اور سی پیک جیسے انقلابی منصوبوں کی وجہ سے بلوچستان دشمنوں سے ہضم نہیں ہوپارہا ہے، آس پاس کے پاکستان دشمن ممالک اپنے ایجنٹوں کے ذریعہ بلوچستان اورپاکستان کی تباہی پر تلے ہوئے ہیں مگر حکومت انہیں بے نقاب کرنے میں ناکام ہورہی ہے، مولانا سمیع الحق نے کہاکہ دفاع پاکستان کونسل میں شامل تمام دینی جماعتیں اور خود ہماری جماعت جمعیة علماء اسلام ایسے ہر سفاکانہ اور بزدلانہ دہشت گردی کی ہمیشہ مخالف رہی ہے، بلکہ حتی الواسع تمام فرقہ وارانہ اور تفرقہ انگیز کاروائیوں کے مٹانے میں سرگرم رہتی ہے ۔

(جاری ہے)

مولانا نے کہاکہ ریاست کی ذمہ داری ہے ایسے واقعات کے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کرے اور واقعہ میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔