عافیہ کی ماںاور بچے’’ مدر ڈے‘‘ کے موقع پر وزیراعظم کا وعدہ پورا ہونے کے منتظر ہیں، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

پاکستانی بے گناہ ماں عافیہ صدیقی کا چودہواں ’’مدرڈے ‘‘ امریکی جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید تنہائی میں گذرے گا

ہفتہ 13 مئی 2017 22:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2017ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ عالمی ’’مدر ڈے‘‘ کے موقع پر پوری قوم کومبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ تمام مائوں کے بچے ان کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنیں۔ اگرکوئی حقیقتاًً ماں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہے تو اسے چاہئے کہ احترام اور خدمت کو اپنا شعار بناکر سال کا ہردن ماں کے نام کردے۔

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ وطن کی ان تمام عظیم مائوں کو سلام جو صبرواستقامت کا پیکر ہیں۔ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو اپنی ماں اور تین بچوں سے بچھڑے 5159 دن ہوچکے ہیں۔پاکستانی معصوم اور بے گناہ ماں عافیہ صدیقی کا چودہواں ’’مدرڈے ‘‘ تنگ و تاریک امریکی جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید تنہائی میں گذرے گا۔

(جاری ہے)

عافیہ کو اپنی ہی سرزمین سے تین کمسن بچوں سمیت اغواء کرکے فروخت کیا گیا تھااور ایسی فرد جرم پر 86 سال کی ظالمانہ سزا سنائی گئی جس کی قانونی حیثیت کو عالمی ماہرین قانون مسترد کرچکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے چار سال قبل ڈاکٹر عافیہ کووطن واپس لانے کا وعدہ کیا تھا ۔کم از کم ’’مدرڈے‘‘ کے موقع پر تو وزیراعظم ایک ماں سے کئے گئے وعدے کی لاج رکھیں۔ عافیہ کی ماں عصمت صدیقی اور بچے ’’مدر ڈے‘‘ کے موقع پر بڑی شدت سے وزیراعظم کا وعدہ پورا ہونے کے منتظر ہیں۔