گوادر ،مکران اور بلوچستان کو ترجیح دینے سے ہی سی پیک کی کامیابی ممکن ہے،سینیٹر میر حاصل خان بزنجو

منصوبے کی کامیابی کیلئے مقامی لوگوں کے تحفظات کا خاتمہ یقینی بنانا ہوگا،سی پیک کے حوالے سے چائنا اور ملکی سطح کے تمام فورمز پر اہل بلوچستان کی حقیقی ترجمانی کی ہے، وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ

ہفتہ 13 مئی 2017 22:44

نوشکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2017ء) نیشنل پارٹی کے سربراہ ووفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ اتھارٹی سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہاہے کہ سی پیک کی کامیابی صرف اسی صورت میں ہے کہ کہ گوادر ،مکران اور بلوچستان کو ترجیح دی جائے،گوادر ،مکران اور بلوچستان کو ترجیح دئیے بغیر یہ عظیم پراجیکٹ ہرگز کامیاب نہیں ہوسکتی،حکومت میں رہتے ہوئے کبھی بھی بلوچ وبلوچستان کے مفادات پر سودے بازی نہیں کی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پرمکران ڈویژن کے بلدیاتی نمائندوں سے چیئرمین میونسپل کمیٹی تسپ پنجگور پھلین بلوچ کے قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،وفد میں چیئرمین چتکان فرہاد شعیب،چیئرمین تمپ ناصر رند،چیئرمین بلیدہ اسلام بہادر ،وائس چیئرمین ضلع پنجگور محمد یونس بلوچ ،وائس چیئرمین چتکان شعیب بلوچ،وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی پسنی کے بی سعید،وائس چیئرمین بلیدہ میر مسعود بلوچ اور سمیر بلوچ شامل تھے،وفد نے انہیں مکران ڈویژن کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا،وفد نے مطالبہ کیاکہ بلیدہ تربت روڑ این ایچ اے کے حوالے ،بلیدہ میں گرڈاسٹیشن کا قیام اور پنجگور میں کھجور پلانٹ کا قیام عمل میں لایا جائے،جبکہ ملکی وصوبائی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی،اس موقع پر میر حاصل خان بزنجو نے کہاکہ سی پیک کے کامیابی کے لئے مقامی لوگوں کے تحفظات کا خاتمہ یقینی بنانا ہوگا،سی پیک کے حوالے سے چائنا اور ملکی سطح کے تمام فورمز پر اہل بلوچستان کی حقیقی ترجمانی کی ہے،سی پیک میں مقامی آبادی کو ترجیح دئیے بغیر کامیابی کی کوئی گارنٹی نہیں دی جاسکتی،سی پیک میںنوکریوں پر پہلا حق گوادر ومکران اور پھر اہل بلوچستان کا ہے،منصوبے کی کامیابی کیلئے ٹیکنیکل سنٹر،چائنیز لینگوئج سنٹرز،یونیورسٹیاں قائم کرنا ہونگی جبکہ گوادر کے آبنوشی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہوگا ،انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں پر زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نچلی سطح پر لوگوں کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ،بلدیاتی نظام جمہوریت کو مضبوط بناتی ہے جبکہ نیشنل پارٹی نے اپنے حکومت میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرایا اور صوبے میں ایک مثال قائم کی،تاہم بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت اپنا کردار ادا کریں تاکہ عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوسکیں،انہوں نے پنجگور ،خضدار،قلات کے ضمنی انتخابات میں نیشنل پارٹی کے نمائندوں کی کامیابی پر انہیں مبارکبادپیش کی ،وفاقی وزیر میر حاصل بزنجو نے بلدیاتی نمائندوں کے اعزاز میں اپنے رہائش گاہ پر پرتکلف ظہرانہ بھی دیا۔