گوادر کی خوشحالی کا پرچار کرنیوالے مزدوروں کو تحفظ بھی دیں،10 مزدوروں کی شہادت پر دلی دکھ ہے ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دی جائے،حکمران عوام کا تحفظ کرنے کی بجائے خاندان کے تحفظ تک محدود ہو چکے ،سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری

ہفتہ 13 مئی 2017 23:18

گوادر کی خوشحالی کا پرچار کرنیوالے مزدوروں کو تحفظ بھی دیں،10 مزدوروں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے گوادر میں 10 مزدوروں کی شہادت پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ گوادر کی خوشحالی کے قصے سنانے والے مزدوروں کو تحفظ بھی دیں،مزدوروں کو قتل کیے جانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کو بلوچستان میں قتل کیا گیا ،اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے پے در پے واقعات سے لگ رہا ہے دہشت گردوں اور ملک دشمنوں نے اپنا ہیڈ کوارٹر بلوچستان منتقل کر لیا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو دہشتگردوں کے سپرد کر کے وزیراعظم اپنی ذات اور خاندان پر لگنے والے الزامات کے دفاع تک محدود ہو چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ مزدوروںکو قتل کرنے والے انسانیت کے نام پر دھبہ ہیں ایسے انسانیت کے دشمنوں کو گرفتار کرنے کیلئے ریاست پوری قوت اور وسائل بروئے کار لائے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے کلبھوشن کی گرفتاری حالیہ دہشتگردی کے واقعات اور کالعدم ٹی ٹی پی کے سرنڈر کرنے والے ترجمان کے انکشافات میں مماثلت ہے ،پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے والے عناصر کو سفارت کاری کے ذریعے بے نقاب کیا جائے مگر داخلی سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ایشو پر وزیراعظم لب کشائی کیلئے بھی تیار نہیں ہیں،جو لمحہ فکریہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی خاموشی کے باعث پاکستان ایک نئی دہشتگردی کی لپیٹ میں آرہا ہے۔ سربراہ عوامی تحریک نے جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کااظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ جاں بحق ہونیوالولے مزدوروں کے اہل خانہ کو معاشی تحفظ دیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :