نوشہرہ ‘ عبدالغفور حیدری پرحملہ پاکستان کی پارلیمان پر حملہ ہے‘ مولانا سمیع الحق

ہفتہ 13 مئی 2017 23:27

نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2017ء) جمعیت علماء اسلام( س ) اور دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے سانحہ مستونگ اور مولانا عبدالغفور حیدری پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیاہے ۔ ہفتے کے روز درالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں اخبار نویسیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہاکہ عبدالغفور حیدری پرحملہ پاکستان کی پارلیمان پر حملہ ہے۔

مولانا نے کہا کہ دہشت گرد ایسے بزدلانہ حملے کرکے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ مولانا سمیع الحق نے کہاکہ دشمن پاکستان میں انتشار پھیلانے کا خواہاں ہے ہمیں اندرونی و بیرونی دشمنوں پر نظر رکھنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اور سی پیک جیسے انقلابی منصوبوں کی وجہ سے بلوچستان دشمنوں سے ہضم نہیں ہوپارہا ہے، آس پاس کے پاکستان دشمن ممالک اپنے ایجنٹوں کے ذریعہ بلوچستان اورپاکستان کی تباہی پر تلے ہوئے ہیں مولانا سمیع الحق نے کہاکہ دفاع پاکستان کونسل میں شامل تمام دینی جماعتیں اور خود ہماری جماعت ایسے ہر سفاکانہ اور بزدلانہ دہشت گردی کی ہمیشہ مخالف رہی ہے، بلکہ حتی الوسع تمام فرقہ وارانہ اور تفرقہ انگیز کاروائیوں کے مٹانے میں سرگرم رہتی ہے ۔

(جاری ہے)

مولانا نے کہاکہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ایسے واقعات کے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کرے اور واقعہ میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔