سینٹ کا اہم اجلاس (آج) چیئرمین رضا ربانی کی صدارت میں ہوگا

وزیر داخلہ چو ڈان لیکس کے حوالے سے پالیسی بیان دیں گے‘ اجلاس میں وزارت خارجہ ایران کے جارحانہ بیانات‘ پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی اور بھارت میں چینی سفیر کے سی پیک کے نام کی تبدیلی کے حوالے سے بیان پر ردعمل دیگی

اتوار 14 مئی 2017 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2017ء) سینٹ کا اہم اجلاس (آج) پیر کو اڑھائی بجے چئیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی صدارت میں ہوگا‘ اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ڈان لیکس کے حوالے سے پالیسی بیان دیں گے‘ اجلاس میں وزارت خارجہ ایران کی جانب سے جارحانہ بیانات‘ پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی اور بھارت میں چین کے سفیر کی جانب سے سی پیک کے نام کی تبدیلی کے حوالے سے بیان پر ردعمل دیگی۔

اجلاس میں بھارت کی جانب سے کل بھوشن یادیو کی سزا کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں اپیل کرنے کے حوالے سے بھی وزارت خارجہ سے جواب لیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے عرب کانفرنس میں شرکت اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے امکان کے حوالے سے بھی وزارت خارجہ کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب کی ڈان لیکس کے حوالے سے بیان کو ارکان کی جانب سے مسترد کرنے کے بعد چوہدری نثار علی خان ڈان لیکس کے معاملے پر پالیسی بیان دیں گے۔

اجلاس میں کمپنیز بل 2017 پیش کیا جائے گا اور وزارت قانون کی جانب سے تنازعات کا متبادل حل بل 2017 پیش کیا جائے گا۔ کاسٹ اینڈ لیٹیگیشن بل بھی پیش کیا جائے گا۔ وزارت انسانی حقوق کی جانب سے بچوں کے حقوق پر قومی کمیشن بل 2017 پیش کیا جائے گا۔ وزارت قانون کی جانب سے آتش گیر مادہ ترمیمی بل 2017 پیش کیا جائے گا جبکہ وزارت دفاع کی جانب سے پاکستان ایئرفورس ترمیمی بل 2017 بھی ایوان میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میںسندھ کے سیاسی معاملات میں گورنر سندح کی مبینہ مداخلت کے حوالے پیش کی گئی تحریک پر بھی بحث کی جائے گی۔ (ن غ / و خ)