قائداعظم کے وژن کے تحت پاکستانی معاشرے میں برداشت، رواداری اور تحمل کا فروغ، صحافتی فورم ٹولرینٹ پاکستان میڈیا نیٹ ورک کی تقریب رونمائی 16مئی کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی، وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب بطور خاص مدعو، یورپی یونین سفیر ، چیئرمین ایچ ای سمیت پارلیمانی نمائندے، سفارتکار، سول سوسائٹی اور شعبہ تعلیم سے وابستہ مختلف شخصیات شریک ہونگی،بانی سرپرست ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی میڈیا کو شمولیت کی دعوت

اتوار 14 مئی 2017 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2017ء) پاکستانی معاشرے میں برداشت، رواداری اور تحمل کے فروغ کیلئے اپنی نوعیت کے منفرد صحافتی فورم ٹولرینٹ پاکستان میڈیا نیٹ ورک کی تقریبِ رونمائی کا انعقاد 16مئی کوبروز منگل تین بجے پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز آڈیٹوریم میں کیاجارہا ہے۔ اتوار کو جار ی کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق وزیربرائے مذہبی اموراور بین المذاہب ہم آہنگی سردارمحمد یوسف اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کو بطورخاص شرکت کیلئے مدعو کیاگیا ہے۔

بانی سرپرست ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی جو ممبر پارلیمنٹ اور کالمسٹ بھی ہیں ، نے میڈیا کو شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے بتایا کہ ترقی و خوشحالی یقینی بنانے کیلئے برداشت، رواداری اور صبرو تحمل جیسی اعلیٰ اوصاف کا فروغ ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی گیارہ اگست 1947؁ء کی تقریر کے تناظر میں مذہبی، لسانی اور قومیتوں کے تعصب سے پاک پرامن جمہوری معاشرے کا قیام انکا دیرینہ خواب ہے جہاں تمام شہری ملکی ترقی و خوشحالی کی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار اداکریں ، اس سلسلے میں وہ سمجھتے ہیں کہ میڈیانمائندوں کو اپنی تحریروں، ٹی وی پروگرامز اور بلاگز کے ذریعے معاشرے میں انسان دوستی، تحمل اور امن و آشتی جیسی خصوصیات کو فرو غ دینے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر رمیش وانکوانی کا کہنا تھا کہ مقامی معاشرے اور بیرونِ ممالک کے مابین خوشگوار رابطے استوار کرنے کیلئے دورانِ تقریب مختلف تجاویز کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یورپی یونین کے سفیر، چیئرمین ایچ ای سی سمیت پارلیمانی نمائندے، سفارتکار، سول سوسائٹی اور شعبہ تعلیم سے وابستہ مختلف شخصیات بھی اظہارِ خیال کریں گی۔