کنٹرول لائن پر حالیہ کشیدگی ایٹمی جنگ میں بدل سکتی ہے ،بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر فائرنگ اور سول آبادی کو گولہ باری کا نشانہ بنانا نا قابل برداشت ہے ‘عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے

مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر میجر(ر) گلزمان اعوان کی مرکزی ایوان صحافت میں صحافیوں سے گفتگو

اتوار 14 مئی 2017 17:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2017ء) مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر میجر(ر) گلزمان اعوان نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر حالیہ کشیدگی ایٹمی جنگ میں بدل سکتی ہے ،بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر فائرنگ اور سول آبادی کو گولہ باری کا نشانہ بنانا نا قابل برداشت ہے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔

کنٹرول لائن پر سول آبادی کو نشانہ بنا کر بھارتی فوج نے بزدلی کا مظاہر کیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی ایوان صحافت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے مودی سرکار کو کشمیریوں کو آزادی دینا ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی افواج نے جو غیر اعلانیہ جنگ چھیڑ رکھی ہے اس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔

بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکتا ،کشمیری باہمت اور غیور قوم ہے جب تک اس قوم کو آزادی نہیں مل جاتی تحریک آزادی کشمیری کی شدت میں اضافہ ہوتا جائے گا ۔میجر(ر) گلزمان اعوان نے کہا کہ انڈین آرمی کی فائرنگ سے خطہ کا امن دائو پر لگ چکا ہے پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔اگر سول آبادی پر فائرنگ کا سلسلہ بند نہ ہوا تو انڈین آرمی کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔