جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات کا حجم ایک ارب ڈالر سالانہ تک بڑھایا جاسکتا ہے، اقتصادی تجزیہ کار

پیر 15 مئی 2017 10:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2017ء) پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے برآمدات کا حجم باآسانی ایک ارب ڈالر سالانہ تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ رواں مالی سال 2016-17ء کے پہلے نو مہینوں کے دوران پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات سے 440 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایاگیا ہے جبکہ رواں مالی سال کے اختتام تک برآمدات کا حجم 630 ملین ڈالر تک رہنے کا امکان ہے۔

اقتصادی تجزیہ کار محی الدین اعظم نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران پھلوں اور سبزیوں کی قومی برآمدات 600 ملین ڈالر سالانہ کے لگ بھگ رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پھلوں اور سبزیوں کی ملکی پیداوار میں اضافہ کے لئے جدید زرعی ٹیکنالوجی سے استفادہ کی ضرورت ہے جس کے لئے ٹیکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا تاکہ فی ایکڑ پیداوار کو بڑھایا جاسکے۔

(جاری ہے)

ایف پی سی سی آئی کی ریجنل قائمہ کمیٹی برائے ہارٹی کلچر ایکسپورٹ کے چیئرمین احمد جواد سمیت شعبہ کے دیگر ماہرین نے کہا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کی کاشت کاری اور برداشت ‘ منڈیوں تک ترسیل اور پراسیسنگ وغیرہ کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے جس سے نہ صرف پیداوار کو ضائع ہونے سے روکا جائے گا بلکہ کاشتکاروں کی آمدنی کے فروغ میں بھی مدد حاصل کی جاسکتی ہے جس سے غذائی تحفظ ‘ روز گار کی فراہمی اور دیہی معیشت کی ترقی کے مطلوبہ اہداف کے حصول میں معاونت حاصل کی جاسکتی ہے۔