ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں ،ْملک میں جائز حکمرانی کی جدوجہد جاری رہے گی ،ْمولانا فضل الرحمن

حکومت دہشتگردی کیخلاف ٹھوس اقدامات کرے ،ْ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

پیر 15 مئی 2017 20:57

ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں ،ْملک میں جائز حکمرانی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2017ء) جمعیت علمائے اسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں ،ْملک میں جائز حکمرانی کی جدوجہد جاری رہے گی ۔ پیر کو مولانا فضل الرحمن سے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق چیف جسٹس نے ڈپٹی چیئر مین سینٹ اور جے یو آئی کے مرکزی رہنما مولانا عبد الغفور حیدری کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ دنیا کوشش کر رہی ہے کہ کسی طرح نوجوانوں کو اشتعال دلا کر ریاست کے سامنے لایا جائے ،ْ پاکستان کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں ،ْمستونگ جیسے واقعات سے ہمارامشن اور راستہ تبدیل نہیں ہو سکتا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہاکہ حکومت دہشتگردی کیخلاف ٹھوس اقدامات کرے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں اور دہشتگردی کو کسی صور ت برداشت نہیں کریں گے ۔دونوں رہنمائوں کی ملاقات کے دوران مستونگ حملے میں شہید ہونے والے افراد کے لیے مغفرت اور لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا گیا ۔سابق چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے کہا کہ حالات کی بہتری کیلئے مذاکرات کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں کو سزا دینے کا عمل جاری رہنا چاہیے ۔