سینٹ نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے متعارف کردہ کمپنیز بل 2017ء کی متفقہ منظوری دیدی

زاہد حامد اور سینٹر اعظم سواتی کی سینٹر سلیم مانڈوی والا اور کمیٹی کے ممبران کی کوششوں کو سراہا ،ْ ایس ای سی پی کی کوششوں کی تعریف

پیر 15 مئی 2017 23:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2017ء) سینٹ نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے متعارف کردہ کمپنیز بل 2017ء کی متفقہ منظوری دیدی ہے۔ قائمہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ سینٹ کے 11 مئی سے شروع ہونے والے اجلاس میں پیش کی جیسے سینٹ نے پیر کو ہونے والے اجلاس میں منظور کر لیا۔ ایس ای سی پی نے اس مسودہ قانون میں تمام شراکت داروں، پیشہ ور اداروں مثلاً اکاؤنٹنگ باڈیز، کاروباری ایسوسی ایشن کے نمائندوں، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور تمام دیگر شراکت داروں سے تفصیلی مشاورت کی اور اہم تجاویز کو مسودہ قانون کا حصہ بنایا گیا۔

سینٹ کی قائمہ کمیٹی کی جانب سے تجویز کی گئی اہم ترامیم کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے کے بیش تر اقدامات، چھوٹے کاروباری اداروں کیلئے بیشتر انضباطی شرائط سے چھوٹ، کمپنیوں کے حقیقی مالکان سے متعلقہ شقوں میں ہم آہنگی، کمپنی کی رجسٹریشن کیلئے صرف ایک صفحہ پر مشتمل میمورنڈم آف ایسو سی ایشن کی منظوری اور تمام کمپنیوں کو تمام قانون کاروبار کرنے کی اجازت، کارپوریٹ گورننس کو مزید بہتر کرنے سے متعلق اقدامات، کمپنیوں کی مینجمنٹ میں عورتوں کی نمائندگی کو بڑھانے، نجی کمپنیوں میں معذروں کی ملازمت کا کوٹہ مختص کرنے، شفافیت پیدا کرنے اور سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ سے متعلق اقدامات شامل کئے گئے۔

(جاری ہے)

سینٹ کے اجلاس کے دوران، وفاقی وزیر برائے قانون زاہد حامد اور سینٹر اعظم سواتی نے سینٹر سلیم مانڈوی والا اور کمیٹی کے ممبران کی کوششوں کو سراہا اور ایس ای سی پی کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے 6 فروری 2017ء کو اس بل کی منظوری دی تھی اور اسے 17 فروری کو سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کے جائزہ کیلئے بھجوا دیا گیا۔

سینٹ کی قائمہ کمیٹی نے اپریل اور مئی میں ہونے والے اجلاسوں میں اس مسودہ قانون کی ایک ایک شق کا جائزہ لیا جبکہ کمیٹی نے اس بل پر مشاورت کیلئے کراچی میں عوامی سماعت بھی منعقد کی۔ ایس ای سی پی کے چیئرمین اپنی ٹیم کے ساتھ سینٹ کی کمیٹی کے اجلاسوں اور عوامی سماعت میں شریک ہوئے ،ْکمیٹی نے 4 مئی کو کمپنیز بل کے مسودہ کی منظوری دیدی۔

متعلقہ عنوان :