صوبہ کے نوجوان ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کیلئے ہمہ وقت اپنی تیاری جاری رکھیں، تیکنیکی اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل نوجوان ہی ملک کیلئے سرمایہ افتخار ہونے کیوجہ سے مستقبل کے سیاسی رہنما، بیوروکریٹس اور اساتذہ کرام ہونگے جنہیں تحقیق کی دنیا میں اپنا لوہا منواناہوگا جنکی مثبت کاوشوں کا ہر وقت خیبر مقدم کیاجائے گا، محنت، مشقت کے عادی افراد کو مخلوق خدا کی خدمت کرتے ہوئے ذاتی مفادات کو اجتماعی مفادات پر ترجیح نہیں دینی چاہیے

خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ کا قائداعظم کالج آف کامرس پشاور یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب

پیر 15 مئی 2017 22:29

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ صوبہ کے نوجوان ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کیلئے ہمہ وقت اپنی تیاری جاری رکھیں کیونکہ تیکنیکی اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل نوجوان ہی ملک کیلئے سرمایہ افتخار ہونے کیوجہ سے مستقبل کے سیاسی رہنما، بیوروکریٹس اور اساتذہ کرام ہونگے جنہیں تحقیق کی دنیا میں اپنا لوہا منواناہوگا جنکی مثبت کاوشوں کا ہر وقت خیبر مقدم کیاجائے گا۔

انہوںنے کہا کہ محنت، مشقت کے عادی افراد کو مخلوق خدا کی خدمت کرتے ہوئے ذاتی مفادات کو اجتماعی مفادات پر ترجیح نہیں دینی چاہیے یہی اصل مقصدِ حیات ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز قائداعظم کالج آف کامرس پشاور یونیورسٹی میں 2017-18کے بجٹ پر منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے بحثیت مہمانِ خصوصی خطا ب کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری خزانہ محمد ادریس مروت، وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد عابد، قائداعظم کالج آف کامرس کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر یُرید حسن ضیاء اور پروفیسر سبحان قریشی سمیت دیگر اساتذہ کرام اور طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار کے دوران کالج کے انتظامی سربراہان نے وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی کی وساطت سے چند تجاویز اور مطالبات بھی پیش کئے جن پر صوبائی وزیرِ خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ نے ان کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی بجٹ کی تیاری کے موقع پر ہر مکتبہ فکراور پیشہ ورانہ شعبہ جات کے لوگوں سے رائے اور تجاویز لی جاتی ہیں جن کو حکومت زیرِ غورلاکر فیصلے کرتی ہے ۔

اسی طرح کامرس کے شعبے کے لوگ بھی محکمہ خزانہ کے ساتھ رابطے تیز کر کے صوبے کی ترقی میں اپنا کر دار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کے طلباء ہر شعبے میں اپنی صلاحیتیں منوا چکے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ہمارا صوبہ وسائل سے مالامال ہونے کے ساتھ ساتھ نوجوان طلباء و طالبات کی صلاحیتوں سے بھی خود کفیل ہوگا۔ وزیرِ خزانہ نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اپنے وسائل کی پیداوار بڑھانے کیلئے کوشاں ہے جس کے ثمرات بہت جلد آنا شروع ہوجائینگے ۔

اس طرح وفاقی حکومت سے صوبائی وسائل کے حصول کیلئے بھی ہمہ جہت کوششیں تیز کی گئی ہیں جبکہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچاتے ہوئے نوجوان نسل کا مستقبل قریب میں ایک روشن اور تابناک مستقبل انتظار کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نوجوان طلباء و طالبات کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اپنا نصب العین سمجھتی ہے یہی وجہ ہے کہ محکمہ تعلیم میں 40ہزار سے زائد اساتذہ خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کئے گئے اور ہزاروںکی تعداد میں مزید بھی اسامیاں پُر کی جا رہی ہیں تاکہ بے روزگاری کے خاتمے کے ساتھ ساتھ لاکھوں خاندانوں کو معاشی طور پر بھی مضبوط بنایا جائے۔

آخر میں طلباء نے صوبائی وزیر خزانہ سے صوبائی ترقی اور بجٹ کے حوالے سے سوالات بھی کئے جن کے تسلی بخش جوابات دیئے گئے۔

متعلقہ عنوان :