وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے ڈاکٹر عاصم کو بیرون ملک جانے کی مخالفت

پیر 15 مئی 2017 21:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2017ء) وفاقی وزات داخلہ کا کہنا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کی سفارش اور نیب کی درخواست پر سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم ککا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا او ر اب وہ بیماری کا بہانہ بناکر ملک سے فرار ہونا چاہتے ہیں،پیر کو وفاقی وزارت داخلہ نے سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں جواب جمع کرادیا ،وزارت داخلہ کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ سابق مشیر پیٹرولیم پر سنگین الزامات ہیں اور ان سمیت ان کے شریک ملزمان پر بھی کرپشن کے 2 ریفرنسز دائر ہوچکے ہیں،جن کی مزید تحقیقات جاری ہیں،جبکہ وفاقی وزارت داخلہ نے ڈاکٹر عاصم حسین کا نام ای سی ایل میں نیب کی درخواست پر شامل کیا اور اس حوالے سے سندھ ہائی کورٹ نے بھی سفارش سفارش کی تھی،جواب میں استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سندھ کی اعلیٰ عدالت نے بھی ڈاکٹر عاصم کو اس شرط پر ضمانت دی تھی کہ وہ ملک سے باہر نہیں جائیں گے ،لیکن اب سابق مشیر پیٹرولیم بیماری کا بہانہ بناکر ملک سے فرار ہونا چاہتے ہیں ،اس لئے ان کا نام ای سی ایل سے خارج نہیں کیا جاسکتا ،عدالت بھی ڈاکٹر عاصم کی درخواست مسترد کردے۔