فاٹا اصلاحات بل پر مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی میں درست موقف اختیار کیا،محمود اچکزئی

منگل 16 مئی 2017 17:14

فاٹا اصلاحات بل پر مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی میں درست موقف ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2017ء) پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی میں فاٹا اصلاحات بل پر درست موقف اختیار کیا۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک زیرک سیاستدان ہیں، انہیں فاٹا کے عوام کی امنگوں اور علاقہ کے حقائق سے آگاہی ہے، اس لئے قومی اسمبلی میں انہوں نے جو موقف اختیار کیا ہے میں اور میری جماعت ان کی تائید کرتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہر کسی کو اظہار رائے کا حق ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا اس بارے موقف حقیقت پر مبنی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت پڑوسی ممالک ایران اور افغانستان کے ساتھ بھی ہمارے تعلقات ٹھیک نہیں ہیں اس صورتحال میں یہ بات قابل فہم ہے کہ سی پیک کی تکمیل کے لئے خطہ میں امن ضروری ہے۔

(جاری ہے)

خطہ میںامن ہر صورت میں ضروری ہے۔ میڈیا سول سوسائٹی سمیت معاشرے کا ہر فرد اور حکومت امن کے قیام کے لئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس کمیٹی نے اصلاحات تیار کی ہیں اس کے ایک بھی رکن کا تعلق فاٹا سے نہیں ہے اس لئے میں کہتا ہوں مولانا فضل الرحمان کی بات پر جذباتی ہونے کی بجائے ٹھنڈے دماغ سے غور کیا جائے۔