کرایہ داری ایکٹ کا مبینہ غلط استعمال، تمام ڈی آئی جیز کو اس حوالے سے اسٹینڈنگ آپریٹنگ پروسیجر ترتیب دینے کے احکامات

منگل 16 مئی 2017 18:41

کرایہ داری ایکٹ کا مبینہ غلط استعمال، تمام ڈی آئی جیز کو اس حوالے سے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2017ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کرایہ داری ایکٹ کے مبینہ غلط استعمال کے حوالے سے اخبارات میں شائع ہونیوالی خبر پر سخت نوٹس لیا ہے۔ ترجمان سندھ پولیس کے دفتر سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق آئی جی سندھ نے احکامات میں تمام ڈی آئی جیز سے کہا ہے کہ کرایہ داری ایکٹ کے استعمال کو نیشنل ایکشن پلان کے ایک حصے کے طور پر ہی یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے باقاعدہ پولیس رینج /زونز کی سطح پر اسٹینڈنگ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) کی ترتیب اور اس پر عمل درآمد کو ہر سطح پر ممکن بنایا جائے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے دیگر حصوں کی طرح کرایہ داری ایکٹ پر عمل درآمد بھی دراصل انسداد دہشت گردی ودیگر جرائم کے حوالے سے پولیس کے جملہ اقدامات کو مربوط اور مؤثر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیس کو احکامات جاری کئے کہ کرایہ داری ایکٹ پر عمل داری کے حوالے سے کوئی بھی علاقہ مستثنٰی نہیں ہے تاہم اس عمل کے دوران نا صرف نیشنل ایکشن پلان کی ترجیحات کو سامنے رکھا جائے بلکہ بزرگ شہریوں کا بھی احترام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کرایہ داری ایکٹ پر عمل درآمد کے حوالے سے مرتب کیے جانے والے ایس او پی میں اس امر کا خاص خیال رکھا جائے کہ کسی بھی طور پر لوگوں کو ہراساں یا پریشان کرنے سے گریز کیا جائے اور قبل ازنوٹس کارروائی سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے تمام ڈی آئی جیز کو ہدایات جاری کیں کہ ابتک کرایہ داری ایکٹ کے تحت درج مقدمات اور اس حوالے سے مجموعی پیش رفت کی تفصیلات برائے ملاحظہ ومزید ضروری اقدامات ارسال کی جائیں۔

انہوں نے مذید کہا کہ کرایہ داری ایکٹ اور اس پر عمل درآمد کے اقدامات کے دوران متعلقہ پولیس کے رویے اور برتاؤ کے حوالے سے پولیس رینج/زون کی سطح پر کمپلینٹ ڈیسک کے قیام کے اقدامات بھی اٹھائے جائیں تاکہ اس سلسلے میں ممکنہ شکایات کی صورت میں مرتکب ٹھہرائے جانے والے پولیس افسران واہلکاروں کے خلاف سخت انضباطی کاروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :