آصف علی زرداری اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر الیاس بلور کے درمیان ملاقات، پیپلزپارٹی دور حکومت میں بزنس کمیونٹی کیلئے مالیاتی پیکیج ، اٹھارویں ترمیم اور صوبہ سرحد کو خیبر پختونخوا کا نام دینے پر شکریہ اداکیا

عوامی نیشنل پارٹی نے پیپلزپارٹی کی حکومت کا مکمل ساتھ دیا اور ہر معاملے پرحمایت کی،سینیٹر الیاس احمد بلور کی گفتگو

منگل 16 مئی 2017 20:01

آصف علی زرداری اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر الیاس بلور کے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور سینیٹ میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ،ْ سینئر پارلیمنٹرین اور بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور کے درمیان بلور ہائوس پشاور میں ملاقات ہوئی ۔ اس موقع پر سینیٹر الیاس احمد بلور نے پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق دور حکومت میں اُن کی سفارش پر خیبر پختونخوا اور فاٹا کی بزنس کمیونٹی کو مختلف ٹیکسوں اور بینک مارک اپ میں ریلیف دینے کے لئے 3سالہ مالیاتی پیکیج کے اعلان ،ْ پاکستان کے آئین میں اٹھارویں ترمیم اور صوبہ سرحد کو خیبر پختونخوا کا نام دینے سمیت دیگر اقدامات پر آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا ۔

سابق سینئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور کی شہادت پر فاتحہ خوانی کیلئے بلور ہائوس کے دورہ کے موقع پرپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹ آف پاکستان میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے سابق دور حکومت میں خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی اور عوام کو جو ریلیف ملا وہ قابل ستائش ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بحیثیت لیڈر بزنس مین فورم اور ملک کی بزنس کمیونٹی کا نمائندہ ہونے کے ناطے انہوں نے آصف علی زرداری کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے متاثرہ بزنس کمیونٹی کو ریلیف دینے کے لئے جو سفارشات پیش کیں وہ انہوں نے من و عن تسلیم کی اور انکم ٹیکس میں 3 سال کی چھوٹ ،ْ سیلز ٹیکس کی شرح نصف کرنے اور بینک مارک اپ جو کہ اس وقت 17 سے 18 فیصد تھا کو سات فیصد کرکے تین سال کیلئے مالیاتی پیکیج کا اعلان کیا گیا جس کے لئے وہ اور صوبے کی بزنس کمیونٹی اُن کی مشکور ہیں۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ بزنس سے ہٹ کر آصف علی زرداری نے سرحد کو خیبر پختونخوا کا نام دیا اور اُنہی کی سفارش پر پشاور ایئر پورٹ کو باچا خان ایئرپورٹ کا نام دیکر پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے اُن کی عزت کی جس کے لئے وہ اُن کے بے حد مشکور ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی نے بھی پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کا مکمل ساتھ دیا اور ہر معاملے میں پیپلزپارٹی کی سابق حکومت کو مکمل سپورٹ کیا ۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے موجودہ وفاقی حکومت سے بھی درخواست کی کہ بزنس فرینڈلی حکومت ہونے کے ناطے وزیراعظم نوازشریف بھی خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کو ریلیف دلانے کے لئے نئے مالیاتی پیکیج کا اعلان کریں جس کے لئے سفارشات پہلے ہی وفاقی حکومت کو پیش کی جاچکی ہیں۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے آصف علی زرداری کا بلور ہائوس آکر شہید بشیر احمد بلور کی شہادت پر فاتحہ خوانی کرنے پر اُن کا شکریہ بھی ادا کیا ۔