ایس ای سی پی نے کیپٹل مارکیٹ مشیروں کیلئے تعلیمی اہلیت لازمی قرار دیدی

منگل 16 مئی 2017 20:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2017ء) کیپٹل مارکیٹ میں گڈ گورننس کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے تحفظ اور مارکیٹ میں پیشہ ور سرمایہ کاری مشیر وں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کیپٹل مارکیٹ کے صارفین کو مشاورتی خدمات فراہم کرنے والے تمام افراد کے لئے تعلیمی اہلیت لازمی قراردے دی ہے۔

سرمایہ کاری کے بارے میں مشورے دینے والے تمام افراد کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فنانشل مارکیٹ(آئی ایف ایم) سیفنانشل ایڈوائزرز سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہو گا۔ اس کے علاوہ میوچل فنڈ کے یو نٹس تقسیم کرنے والوں کو بھی آئی ایف ایم کی جانب سے پیشکش کردہ میوچل فنڈ ڈسٹری بیوٹرسرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہو گا۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی کی جانب سے اس ضروری انضباطی شرط کو پورا کرنے کے لئے تمام موجودہ اور نئی سکیورٹیز اور فیوچر ز سیکٹر میں کام کرنے والے مشیروں (ایڈوائزرز) کو یہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے ایک سال کا وقت دیا گیا ہے۔

سرٹیفکیٹ کی یہ شرط ان اداروں کے چیف ایگزیکٹوز کے لئے بھی ہے جو کہ سرمایہ کاروں اور مارکیٹ کے صارفین کو مشورہ دینے کا کام کرتے ہیں۔ سرٹیفکیٹ کی یہ شرط پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں ایڈوائزری کا کام کرنے والوں کی اہلیت کو بہتر بنائے گی اور اس شعبے میں بہتر معیارات قائم ہوں گے اور سرمایہ کاروں کو مزید تحفظ حاصل ہو گا۔

متعلقہ عنوان :