تحریک انصاف عوام سے کئے وعدوں کی تکمیل کیطرفتیزی سے گامزن ہے ،حکومت قومی اداروں کو عوامی خدمت کا حقیقی معنوں میں تابع بنایا ،قومی تعمیر نو کے اہم منصوبوں پر بھی کام جاری جو مستقبل میں صوبے کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہونگے

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی لائیو سٹاک کا کنال پیٹرول روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 16 مئی 2017 20:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2017ء) وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک، امداد باہمی و ماہی پروری محب اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی طرف تیزی سے گامزن ہے اور ہماری حکومت میں نہ صرف قومی اداروں کو عوامی خدمت کا حقیقی معنوں میں تابع بنایا گیا بلکہ صوبہ بھر میں قومی تعمیر نو کے بڑے بڑے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جو مستقبل میں صوبے کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہونگے، ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کیلئے پی ٹی آئی نے سوات ایکپریس وے کا عظیم الشان مواصلاتی منصوبہ شروع کیا جو پورے ملاکنڈ ڈویژن کی ترقی کا ضامن بنے گا۔

وہ منگل کو مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی و ممبر قومی اسمبلی مراد سعید کے ہمراہ مدینہ کالونی کانجوسوات میں کنال پیٹرول روڈ کا افتتاح کے بعد عوامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ٹی آئی ملاکنڈریجن کے سینئر نائب صدر فضل مولا اور ضلع سوات سے سینئر نائب صدر سعید خان کے علاوہ منتخب عوامی نمائندوں اور علاقہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔

واضح رہے کہ مذکورہ منصوبے کی تکمیل پر تقریبا 4کروڑ 60لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیرِ اعلیٰ کے معاونِ خصوصی اور مراد سعید نے کہا کہ ہم نے قومی خزانے کو قوم کی امانت سمجھ کر عوامی منصوبوں پر خرچ کیا ہے جبکہ ماضی کے حکمرانوں نے قومی دولت کو شیرمادر سمجھ کر خودکھایا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کو صوبے میں پی ٹی آئی کی کارکردگی ہضم نہیں ہورہی اور انہیں اپنے تاریک مستقبل کی فکر ہے اسی لئے وہ اپنے درباریوں کے ذریعے پی ٹی آئی پر الزامات لگا رہی ہے تاہم انہیں آئندہ الیکشن میں اندازہ ہو جائیگا کہ پی ٹی آئی انہیں کس طرح ملک میں سیاسی منظرنامے سے بھگاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سوات میں پی ٹی آئی کی حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کئے جن سے علاقے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔