این ٹی ڈی سی نے 2023-24ء تک 20 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی کو شامل کرنے کیلئے بہت بڑا انفراسٹرکچر تعمیر کرنا ہے، ملک میں بجلی بحران پر قابو پانے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے 127 جونیئر انجینئرز کی بھرتی کا عمل مکمل کر لیا،ڈاکٹر فیاض احمد چودھری

منگل 16 مئی 2017 23:23

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2017ء) منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی ڈاکٹر فیاض احمد چودھری نے کہا ہے کہ این ٹی ڈی سی نے 2023-24ء تک 20 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی کو شامل کرنے کیلئے بہت بڑا انفراسٹرکچر تعمیر کرنا ہے جو ایک نیا پاور سیکٹر تعمیر کرنے کے مترادف ہے، این ٹی ڈی سی اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے پُرعزم ہے۔ وہ واپڈا ہائوس میں این ٹی ڈی سی میں 127 جونیئر انجینئرز کی بھرتی کا عمل مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، ڈاکٹر فیاض احمد چودھری نے کہا کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) نے ملک میں بجلی بحران پر قابو پانے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے 127 جونیئر انجینئرز کی بھرتی کا عمل مکمل کر لیا ۔

کل 6111 امیدواروں نے جونیئر انجینئرز کی آسامیوں کیلئے درخواستیں دیں جن میں سے 127 انجینئرز کو بھرتی کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوان انجینئرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ جونیئر انجینئرز کی بھرتی کا عمل میرٹ اور انتہائی شفاف طریقے سے کیا گیا ہے۔ موجودہ ملکی پاور سیکٹر کا موازنہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے 69 برسوں میں 20 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی سسٹم میں شامل کی گئی جبکہ این ٹی ڈی سی نے 2023-24ء تک تقریباً 20 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی کو شامل کرنے کیلئے بہت بڑا انفراسٹرکچر تعمیر کرنا ہے جو ناصرف ایک بڑا چیلنج ہے بلکہ ایک نیا پاور سیکٹر تعمیر کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے نوجوان انجینئرز پر زور دیا کہ وہ اپنے آپ میں کمپنی کو لے کر ملکیت کا احساس پیدا کریں اور کمپنی کو اپنے گھر اور عبادت گاہ کی مانند سمجھیں، جو بھی ذمہ داری دی جائے اسے پوری ایمانداری سے پورا کیا جائے۔ این ٹی ڈی سی کا ٹرانسمیشن نیٹ ورک ملک بھر میں پھیلا ہوا ہے اور اس کے اثاثوں کی حفاظت اور دیکھ بھال ہر ایک ملازم پر فرض ہے اور تمام ملازمین کو کاروباری سوچ رکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے انجینئرز کو نصیحت کی کہ وہ آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کریں، باہمی عزت اور قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے وسائل کا درست اور ایمانداری سے استعمال کریں۔ انہوں نے کمپنی کی بنیادی اقدار اور سلوگن (Striving for Reliable Grid) کے متعلق بھی بتایا اور کہا کہ بجلی کا مضبوط اور مستحکم ترسیلی نظام ملکی معیشت کی بڑھوتری کا ضامن ہے۔ انہوں نے نوجوان انجینئرز کو اسلامی اقدار، اخلاقیات پر عمل پیرا ہونے اور غیراخلاقی سرگرمیوں اور سفارشی کلچر سے اجتناب کرنے کی نصیحت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں این ٹی ڈی سی سزا اور جزا کی پالیسی متعارف کرا رہی ہے۔ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی وجاہت سعید رانا، جنرل منیجر جی ایس او راجہ لیاقت علی، جنرل منیجر این پی سی سی الیاس احمد، جنرل منیجر پلاننگ مقصود احمد قریشی، ڈائریکٹر جنرل ایچ آر محمد گلزار شیخ، ایڈیشنل چیف انجینئر ڈیزائن لیاقت علی اور چیف انجینئر سسٹم پروٹیکشن محمد نعیم حسن نے اپنے اپنے شعبہ جات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :