شرجیل خان نے سپاٹفکسنگ الزامات کا اعتراف کر لیا

پی سی بی ٹریبیونل نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث شرجیل خان کے کیس کی باقاعدہ سماعت شروع کردی بکیوں سے رابطوں اور معاملات طے کرنے کا اعتراف کرلیا ، معلومات چھپانے اور حکام کو تاخیر سے آگاہ کرنے کا بھی اقرار

منگل 16 مئی 2017 23:32

شرجیل خان نے سپاٹفکسنگ الزامات کا اعتراف کر لیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2017ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں معطل شرجیل خان نے گھٹنے ٹیک دیے ، معطل کھلاڑی نے بکیوں سے رابطوں اورمعاملات طے کرنے کا اعتراف کرلیا۔تفصیلات کے مطابق منگل کوپی سی بی ٹریبیونل نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث شرجیل خان کے کیس کی باقاعدہ سماعت شروع کردی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ، شرجیل خان نے کئی الزامات تسلیم کر لیے ، معطل کھلاڑی نے اپنے اوپر لگائے گئے چھ میں سے چار الزامات کو تسلیم کیا۔

بکیوں سے رابطوں اور معاملات طے کرنے کا اعتراف کرلیا ، معلومات چھپانے اور حکام کو تاخیر سے آگاہ کرنے کا بھی اقرار کیا تاہم کرکٹر نے بکیوں سے طے شدہ معاملات پر عمل کرنے کے الزام کو مسترد کر دیا۔پی سی بی نے ٹربیونل کے سامنے بکیوں سے رابطوں اور ڈیل پر عملدرآمد کے ثبوت پیش کر دیئے ، شرجیل خان کے اعتراف کے بعد ان پر دو سے پانچ سال کی پابندی کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق شرجیل خان کے اعتراف سے خالد لطیف کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔