بلدیہ عظمیٰ کراچی کا اجلاس ،میئر کراچی کیخلاف مصطفی کمال کی جانب سے بیہودہ زبان استعمال کرنے کی مذمتی قرارداد منظور

شہر کیلئے دن رات محنت و جانفشانی سے خدمات انجام دینے والے میئر کراچی کے لئے ہرزہ سرائی سے باز رہا جائے ، اراکین کونسل

منگل 16 مئی 2017 22:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2017ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اجلاس میں اراکین کونسل نے اتفاقِ رائے سے منظور کی جانے والی قرارداد کے ذریعے ہر دل عزیز میئرکراچی وسیم اختر کے لئے مصطفی کمال کی جانب سے بیہودہ زبان استعما ل کرنے کی سخت ترین مذمت کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ شہر کے لئے دن رات محنت و جانفشانی سے خدمات انجام دینے والے میئر کراچی کے لئے ہرزہ سرائی سے باز رہا جائے بصورت دیگر اگر عوام کی جانب سے کوئی ردِ عمل سامنے آیا تو وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کا اجلاس منگل کی سہہ پہر کے ایم سی بلڈنگ میں ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ کی زیرصدارت منعقد ہوا اجلاس میں مجموعی طور پر 14 قراردادوں کی منظوری دی گئی جس میں 13 قراردادوں کو اتفاق ِ رائے جبکہ 1 قرارداد کو کثرت ِ رائے سے منظور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے آغاز پر مختلف قراردادوں کے ذریعے معروف نعت خواں منیبہ شیخ کے انتقال پراظہارِ رنج و غم،گوادر میں مزدوروں کے قتل ِعام ، مستونگ بلوچستان میں مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر ہونے والے بم دھماکے اور چمن میں مردم شماری ٹیم کی سیکورٹی پر تعینات اہلکاروں اورعام شہریوں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے وُرثاء سے اظہار تعزیت زخمیوں کی جلد صحتیابی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے رکن چیئرمین یوسی۔

20 (ایسٹ) بلوچ خان گبول کے لئے دعائے صحت بھی کی گئی جبکہ اتفاقِ رائے سے منظور کی جانے والی دیگر قراردادوں میں جذّام ہسپتال کی تنظیمِ نو ، قطعات آراضی کے الحاق و تقسیم سے متعلق قواعد و ضوابط اور پالیسی میں ترمیم،بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پیرا میڈیکل اسٹاف کے تنخواہی اسکیل، انتظامی ڈھانچے کی ری اسٹرکچرنگ کے حوالے سے فوری عملدآمد،لیڈر آف دی ہائوس اور لیڈر آف دی اپوزیشن کے دفاتر کے لئے علیحدہ علیحدہ پچیس ہزار روپے ماہانہ ایمپریسٹ اکائونٹ مختص کرنے،کونسل اجلاس میں شرکت کرنے والی خواتین ممبرز کے لئے کامن روم/ویٹنگ روم/واش روم تعمیر کرنے اور یونین کمیٹی کاماہانہ فنڈ کم از کم دس لاکھ روپے کرنے کی منظوری شامل ہیں جبکہ کثرت رائے سے منظور کی جانے والی قرارداد میں ازروئے قانون تبدیلی استعمال آراضی کی فیس کی وصولی بذریعہ محکمہ آراضیات کے ڈرائنگ، پلاننگ و اربن ڈیزائن سیکشن سے متعلق میونسپل کمشنر کی یاد داشت میں درج سفارشات کی منظوری شامل ہے۔

اجلاس سے اسلم خان آفریدی، عارف خان ایڈوکیٹ، کامریڈ جسکانی، حنیف صورتی ، حبیب حسن،امان آفریدی،عبدالرحیم شاہ، اجمل شاہ ہاشمی، تاج الدین صدیقی، سعید آفریدی، شاہانہ اشعر، فضل الرحمن، منصور خان، مرزا ساجد بیگ، سعید آفریدی ،محمد برہان، سلطان محمود،تحسین عابدی، حُسنہ جمال اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔عارف خان ایڈوکیٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی پورے کراچی کے میئر ہیں جنہیں بھاری اکثریت سے عوام نے کامیاب کرایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک شخص جو سٹی ناظم رہا ہے کبھی اس کے دور میں ایک شخص نے بھی سٹی ناظم کے بارے میں برے الفاظ نہیں کہے مگر اب وہ شخص میئر کراچی کے لئے بیہودہ زبان استعما ل کرتا ہے تو یہ نہ صرف میئر کراچی کی بلکہ کراچی والوں کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ14/ مئی کو کراچی میں احتجاج ہوا ۔احتجاج کرنے والوں پر جو تشدد ہوا ہم نے اس کی مذمت کی کیونکہ ہم جمہوری اقدار کی قدر کرنے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کے خلاف آئندہ ایسی کوئی زبان استعمال کی گئی تو کراچی کے عوام سڑکوں پہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو زبان استعمال کی گئی انہیں چاہیئے کہ وہ فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے الفاظ واپس لیں۔حسب ِ اختلاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کامریڈ جسکانی نے کہا کہ میئر کراچی کے خلاف غیر مہذب باتوں کی ہم سب مذمت کرتے ہیں۔

میئر پورے کراچی کے میئر ہیں ان کے خلاف نازیبا اور غیرشائستہ الفاظ کسی طورمناسب نہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ فوڈ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ مختلف مقامات پر ملاوٹ شدہ اشیاء اور پانی فروخت کیا جارہا ہے۔ مرزا ساجد بیگ نے کہاکہ کراچی کی آبادی بہت زیادہ ہے اور اتنی بڑی آبادی والے شہر میں محض 14 فوڈ انسپکٹرز ہیں ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔

سعید آفریدی نے کہا کہ محکمہ فوڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہوگا اور اس بات کو بھی یقینی بنانا ہوگا کہ پیور فوڈ کے حوالے سے کہیں رشوت کا بازار گرم نہ ہوجائے۔امان آفریدی نے کہا کہ شہر میں جہاں جہاں بھی کے ایم سی کی زمین ہے اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اجمل شاہ ہاشمی نے کہا کہ جذام ہسپتال کی حالت خراب ہے اس سمیت دیگر ہسپتالوں کی حالت بہتر بنائی جائے۔

فضل الرحمن نے کہا کہ چکن گونیا سمیت دیگر وبائی امراض کے کنٹرول پر بھی توجہ دی جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا کہ انفیکشن ڈیزیز کے حوالے سے میں نے میئرکراچی کے ہمراہ مختلف ہسپتالوں کا دورہ کیا ہے بہت جلد ان ہسپتالوں میں مذکورہ بیماریوں کے خاتمے اور انہیں کنٹرول کرنے کے لئے ضروری اشیاء اور کٹس فراہم کردی جائیں گی جبکہ خصوصی مرکز بھی قائم کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فوڈ لیبارٹری کو بھی اپ ڈیٹ کردیا ہے اور بہت جلد موبائل لیب بھی کام شروع کردیں گی۔حبیب حسن نے کہا کہ جو ممبر قرارداد پیش کرے وہ ایوان میں اس قرارداد کے حوالے سے تفصیل بھی پیش کرے۔عبدالرحیم شاہ نے کہا کہ کونسل کے اجلاس کے دوران ممبران کے لئے پانی کا بندوبست ضروری ہے۔