شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور میں ہائی بلڈ پریشر کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا

ہائی بلڈ پریشرایک خاموش قاتل ہے جو کہ دل ، گردہ اور فالج سمیت دیگر امراض کی بنیادی وجہ ہے‘ پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان

بدھ 17 مئی 2017 16:29

شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور میں ہائی بلڈ پریشر کے عالمی دن کے موقع ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2017ء) دنیا بھر میں ہائی بلڈ پریشر کا عالمی دن منایا گیا، اسی سلسلے میں شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور میںشعبہ امراض دل کے زیر اہتمام بلند فشارِ خون کی پیچیدگیوں کے بارے میں آگہی پیدا کرنے اور اس سے بچائو کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے سلسلے میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔

آگاہی واک کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان چئیرمین اینڈ ڈین شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور نے کی ، اس موقع پر ڈاکٹر اکبر حسین ایڈمنسٹریٹر، ڈاکٹر قاضی عبدالصبور(ایسوسی ایٹ پروفیسر کارڈیالوجی) ،قاضی طفیل اسسٹنٹ پروفیسرکارڈیالوجی، ڈاکٹر حسنین سمیت ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف و دیگر ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ہائی بلڈ پریشر کے حوالے سے آگاہی معلومات درج تھیں، جبکہ اس موقع پرعوام الناس کو مفت بلڈ پریشر ، کولیسٹرول اور شوگر چیک کرنے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے کیمپس بھی لگائے گئے جہاں پر عوام الناس کی کثیر تعداد نے بلڈ پریشر ، کولیسٹرول اور شوگر کے معائنہ کی مفت سہولت سے استفادہ حاصل کیا اور ڈاکٹرز نے مفید معلوماتی مشورے بھی دئیے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان چئیرمین اینڈ ڈین کا کہنا تھا کہ بلند فشار خون ایک خاموش قاتل ہے جو کہ دل، گردہ اور فالج سمیت دیگر امراض کی بنیادی وجہ ہے ، اسلئیے عوام الناس کو چاہیئے کہ باقاعدگی کے ساتھ اپنا بلڈ پریشر چیک کروائیں ، نمک کا استعمال اعتدال کے ساتھ کریں، صحت بخش غذاء کا استعمال کریں، خون میں کولیسٹرول کی مقدار کو بڑھنے نہ دیں، وزن کو کنٹرول میں رکھیں اور اور مثبت طرز زندگی اپنا کر بلند فشار خون کے مرض اور اس کی پیچیدگیوں سے خود کو دور رکھیں۔

ڈاکٹر قاضی عبد الصبور ایسوسی ایٹ پروفیسر کارڈیالوجی کا کہنا تھا کہ بلڈ پریشر کا مرض بڑھتا جا رہا ہے، پاکستان میں ہر تیسرا شخص چالیس سال کے بعد بلڈ پریشر کا مریض بنتا جا رہا ہے، یہ بیماری خاموش قاتل ہے کیونکہ بلڈ پریشر زیادہ ہوتا ہے اور مریض کو علامات ظاہر نہیں ہوتی ۔ اس لیئے ہر شخص کو جو کہ چالیس سال سے اوپر ہے اسکو اپنا بلڈ پریشر چیک کروانا چاہیے اور ڈاکٹر کے مشورے سے اسکا علاج کروانا چاہیے۔علاوہ ازیں ہسپتال کے مختلف نمایاں مقامات پر آگاہی بینرز بھی آویزاں کیے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :