فاٹا اصلاحات پر جلد از جلد عمل درآمد کرکے قومی دھارے میں شامل کیا جائے ،اسد عمر

حکومت سندھ اے ڈی خواجہ کو کام کرنے کا موقع دے،قومی ایئرلائن سے منشیات کی برآمدگی کے حوالے سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کابینہ میں بات کی گئی ، اس حوالے سے خصوصی کمیٹی بنائی جائے گی جو پی آئی اے کے معاملات کو دیکھے گی تحریک انصاف کے رہنما رکن قومی اسمبلی اسد عمر کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 17 مئی 2017 16:41

فاٹا اصلاحات پر جلد از جلد عمل درآمد کرکے قومی دھارے میں شامل کیا جائے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ فاٹا اصلاحات کے حوالے سے ہمارا مطالبہ ہے ان کو پاکستان کے قوانین میں شامل کیا جائے‘ اے ڈی خواجہ کو سندھ میں کام کرنے کا موقع دیا جائے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم فاٹا اصلاحات پر جلد از جلد عمل درآمد کرکے فاٹا کی عوام کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے اور پاکستان کے قوانین میں شامل کیا جائے۔

اس سے فاٹا کی نہ صرف پسماندگی ختم ہوگی بلکہ فاٹا کی عوام کے مسائل حل ہوں گے انہوں نے کہا کہ ایک طرف فاٹا اصلاحات کی باتیں کی جارہی ہیں دوسری جانب حکومتی اتحادی کچھ اور بات کررہے ہیں فاٹا کی عوام کے ساتھ ڈرامہ بازی نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

فاٹا اصلاحات کے حوالے سے بھی کے پی کے اسمبلی میں بل پاس کیا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں بڑے افسران کا کام کرنا مشکل ہوتا جارہاہے جہاں لوٹ مار کا بازار گرم ہے حکومت سندھ اے ڈی خواجہ کو کام کرنے کا موقع دے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی ایئرلائن سے منشیات کی برآمدگی کے حوالے سے گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کابینہ میں بات کی گئی ہے اس حوالے سے ایک خصوصی کمیٹی بنائی جائے گی جو پی آئی اے کے معاملات کو دیکھے گی انہوں نے کہا کہ قومی ایئرلائن سے منشیات کی برآمدگی سے قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے حکومت کو اس واقعہ پر فوری نوٹس لینا چاہئے۔