جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ کی ڈپٹی سینیٹ چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری کی عیادت

بدھ 17 مئی 2017 17:09

جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ کی ڈپٹی سینیٹ چیئرمین ..
کوئٹہ۔17مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2017ء) جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکرٹری وسابق پارلیمانی لیڈرلیاقت بلوچ ،سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم اور جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے بدھ کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ)کوئٹہ کینٹ جا کر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی عیادت کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی ،لیاقت بلوچ نے مستونگ واقعہ میں ہونے والی شہادتوں پردلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری کے حملے میں محفوظ رہنے پر خدا کا شکرادا کیا ،لیاقت بلوچ نے کہا کہ مولانا عبدالغفور حیدری ایک منجھے ہوئے اور سینئر سیاست دان ہیں ملک وقوم کے لیے ان کی خدمات قابل قدر ہے جماعت اسلامی جمعیت علماء اسلام کے قائدین وکارکنوں کے ساتھ اس مشکل گھڑی میں ساتھ کھڑی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے لیاقت بلوچ اور جماعت اسلامی کے وفد کی جانب ہسپتال آمد اور نیک خواہشات کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں دینی وسیاسی جماعتوں کے درمیان قومی یکجہتی کو موثر رابطوں کی ضرورت ہے۔