سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ کیس میں ٹربیونل کی کارروائی جاری ، بورڈ نے تین گواہ پیش کر دئیے

واضح ہو گیا شرجیل کو اپروچ کیا گیا ،پیسوں سمیت جو طے کیا گیا ،کیا ہو گا ، سگنل کیا ہوگا ،اس کے مطابق دو ڈاٹ بالز کھیلی گئیں ‘ تفضل رضوی

بدھ 17 مئی 2017 18:28

سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ کیس میں ٹربیونل کی کارروائی جاری ، بورڈ نے تین گواہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2017ء) پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ کیس میں ٹربیونل کی کارروائی گزشتہ روز بھی جاری رہی ، بورڈ نے معطل کرکٹر شرجیل کے کیس میںتین گواہ پیش کر دئیے جن سے جرح کی گئی جبکہ آج (جمعرات) کو آخری گواہ پیش کیا جائے گا ۔گزشتہ روز جسٹس (ر)اصغر حیدر کی سربراہی میں قائم تین رکنی ٹربیونل نے سماعت کی ۔ شرجیل خان اپنے وکلاء کے ہمراہ ٹربیونل کے رو برو پیش ہوئے ۔

سماعت کے دوران بورڈ نے تین گواہان کرنل (ر) خالد،سلمان نصیر اور کرکٹر عمر امین کو پیش کیا جبکہ آج ( جمعرات) کو آخری گواہ کو پیش کیا جائے گا ۔بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ شرجیل خان کو اپروچ کیا گیا لیکن انہوںنے اس رابطے کا بارے میں بورڈ کوآگاہ نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ رابطے میں پیسوں سمیت جو طے کیا گیا ،کیا ہو گا ، سگنل کیا ہوگا اور اس کے مطابق دو ڈاٹ بالز کھیلی گئیں ۔

ساتھی کرکٹر عمر امین نے ٹربیونل میںپیش ہو کر بتایا کہ انہیں بھی اسی طرح اپروچ کیا گیا لیکن انہوں نے رابطے کے بارے میں فوری بورڈ کوآگاہ کیا ۔ انہوںنے کہا کہ عمر امین کا کردار قابل ستائش ہے اور انہوںنے ٹربیونل میں جرح کا بھی سامنا کیا ۔ انہوں نے شرجیل خان کے وکیل کی طرف سے دبئی کی فرانزک رپورٹ ٹمپرڈ ہونے اور مثبت رپورٹ نہ آنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ غلط ہے رپورٹ مثبت آئی ہے ۔ جبکہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے کہا ہے کہ ان کے پاس آڈیو کی تصدیق کی مشینیں نہیں ہے اس لئے وہ اس کی تصدیق نہیں کر سکتے۔ ٹربیونل میں سماعت آج جمعرات کے روز بھی جاری رہے گی۔