ایدھی فاؤنڈیشن کے عطیات بڑھانے کے لئے کوکا۔کولا خصوصی مہم چلائے گا

کوکاکولا رمضان میں جمع ہونے والے عطیات کی د گنی رقم فراہم کرے گا

بدھ 17 مئی 2017 20:12

ایدھی فاؤنڈیشن کے عطیات بڑھانے کے لئے کوکا۔کولا خصوصی مہم چلائے گا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مئی2017ء) پاکستان کے صف اول کے امدادی کام و فلاحی خدمات سرانجام دینے والے ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کو روایتی طور پر رمضان میں اپنے عطیات بڑھانے کی مہم کے لئے عوامی حمایت کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے کیونکہ اس رمضان میں پہلی بار ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں۔

اس حوالے سے عطیات بڑھانے کے لئے ایدھی فاؤنڈیشن نے کوکا۔کولا کے ساتھ مختلف پہلوؤں پر مشتمل مہم کے لئے شراکت داری کی ہے جس کا عنوان باٹل آف چینج ہے جس میں کوکا۔کولا ملک گیر سطح پر کام کرے گا ۔ اس مہم کی سب سے خاص بات یہ ہوگی کہ اس مہم کے دوران جمع ہونے والے تمام عطیات کی رقم کو کوکا۔کولا دو گنا کرکے ایدھی فاؤنڈیشن کو فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کوکا۔کولا کی جانب سے ایدھی فاؤنڈیشن کے عطیات بڑھانے کی غرض سے مختلف اقسام کی تشہیری مہم کے لئے بھی بھاری رقوم خرچ کی جائے گی۔ اس مہم کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ عوام میں شعوری طور پر ایدھی صاحب کے کام کو آگے بڑھانے اور ان کا مشن جاری رکھنے کی اپیل کی جائے ۔ اگرچہ پاکستان کے عوام ہمیشہ سارا سال ایدھی فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کرتے ہیں لیکن رمضان کا مبارک مہینہ روایتی طور پر وہ وقت ہوتا ہے جب عوام کی طرف سے زکوٰة ، عطیات کی صورت میں ایدھی فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

کوکا۔کولا کے ساتھ اس شراکت داری کے بارے میں عبدالستار ایدھی مرحوم کے صاحبزادے اور ایدھی فاؤنڈیشن کے موجودہ سربراہ فیصل ایدھی نے بتایا کہ کسی بھی اچھے کام کیلئے عوامی رائے کو بھرپور انداز سے فروغ دینے میں کوکا۔کولا کی بھرپور مہارت اور تجربے سے ایدھی فاؤنڈیشن کو رمضان میں عطیات بڑھانے کی مہم میں بھرپور مدد ملے گی۔ انہوں نے کوکا۔

کولا کے مختلف شعبوں میں دیگر امدادی کاموں کو سراہاجن میں کوکا۔کولا کی معروف غیرمنافع بخش اداروں کے ساتھ شراکت داری ہے ،جیسے تعلیم کے میدان میں دی سٹیزن فاؤنڈیشن، ماحولیات کے شعبے میں ڈبلیو ڈبلیو ایف۔ پاکستان اور خواتین کی بااختیاری کے شعبے میں کشف فاؤنڈیشن شامل ہیں۔ کوکا۔کولا پاکستان و افغانستان کے جنرل منیجر رضوان یو خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا، کوکا۔

کولا کمپنی فلاحی کام کرنے والے ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے لئے انتہائی احترام کا جذبہ رکھتی ہے جس نے گزشتہ کئی دہائیوں میں قابل ذکر کام کئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے لئے رمضان میں عطیات بڑھانے کی مہم مکمل طور پر بے لوث ہے اور اس میں کسی بھی طرح کا کاروباری پہلو شامل نہیں ہے، عطیات بڑھانے کا کسی بھی طرح کا تعلق پروڈکٹ کی فروخت سے منسلک نہیں ہے۔

انہوں نے کہا، "ہم یقین رکھتے ہیں کہ تمام ذمہ دار کاروباری اداروں کی یہ سماجی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے وسائل اور مہارت بروئے کار لائیں اور معروف غیرمنافع بخش فلاحی اداروں جیسے ایدھی فاؤنڈیشن کے سماجی و فلاحی بہبود کے کاموں کو آگے بڑھانے میں حصہ لیں۔ ہماری جانب سے ایدھی فاؤنڈیشن کے عطیات جمع کرنے کی حد ڈھائی کروڑ روپے ہے جبکہ ملک گیر سطح پر ذرائع ابلاغ میں جدت انگیز آگہی مہم پر الگ سے بھاری رقم خرچ ہو گی۔

ایدھی فاؤنڈیشن کو ہمیشہ سے کاروباری اداروں کا تعاون حاصل رہا ہے جس میں نقد عطیات کے علاوہ ایمبولینس جیسی دیگر اشیاء بھی شامل ہیں۔ اب کوکا۔کولا اور ایدھی فاؤنڈیشن کی شراکت داری سے رمضان میں عطیات بڑھانے کی مہم میں ایک قدم بڑھایا جائے گا اور اس مہم میں لوگوں کو براہ راست شامل کیا جائیگا اور ایدھی فاؤنڈیشن کے لئے عطیات کی صورت میں تعاون کو غیرمعمولی طور پر بڑھایا جائے گا۔

دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس چلانے کے ساتھ ایدھی فاؤنڈیشن سماجی خدمات کے وسیع شعبے میں الگ سے نمایاں طور پر کام کررہی ہے۔ ان خدمات میں یتیم خانے، موبائل ڈسپنسریز، اسپتال، ذیابیطس سینٹر اور بے گھروں کے لئے رہائش شامل ہے جبکہ مختلف گھرانوں کی جانب سے معذورو معمر افراداورخواتین کو قبول نہ کرنے پر انہیں ایدھی ہومز میں رکھا جاتا ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن منشیات کے عادی افراد کی بحالی، لاپتہ افراد کی تلاش، بے یار و مدد گار لڑکے و لڑکیوں کی شادی، کھانے کی فراہمی، کپڑوں اور پناہ گاہ، ضرورت مندوں کو ٹیکنیکل تعلیم، بچوں کو دینی تعلیم، میٹرنٹی سروسز اور فیملی پلاننگ کے لئے مشاورت، پسماندہ طبقے کو خون اور پلازما کی مفت فراہمی، ذہنی طور پر معذور افراد کی دیکھ بھال اور مختلف حادثات اور قومی آفات پر ملک و بیرون ملک امدادی کاموں جیسی بہترین خدمات کی سہولت بلامعاوضہ فراہم کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :