حکومت کی بیڈ گورننس کی وجہ سے ملکی ادارے پی آئی اے، سٹیل مل اور ریلوے کا بیڑا غرق ہو گیا ہے‘منظور احمد وٹو

بدھ 17 مئی 2017 23:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے پی آئی اے کے طیارے سے ہیروئین برآمد ہونے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگی حکومت نے ملکی اداروں کو تباہ و برباد کر دیا ہے ملک میں گورننس کا ستیاناس ہو گیا ہے 2013 کے انتخابات سے قبل کئے گئے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے طیارے سے ہیروئن برآمد ہونے سے پی آئی اے اور عملے ہی کی نہیں بالکہ ملک و قوم کی تضحیک ہوئی ہے اور اس کی ساری ذمہ داری مسلم لیگ ن کی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ حکومت کی بیڈ گورننس کی وجہ سے ملکی ادارے پی آئی اے، سٹیل مل اور ریلوے کا بیڑا غرق ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زراعت کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ چینی کو بر وقت برآمد نہ کرنے کی وجہ سے 70 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے جس کا نتیجہ کاشتکار کو بھگتنا پڑے گا۔

حکومت نے زراعت کے شعبے کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے جو حکومت کی گورننس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانامہ کیس ابھی شریف خاندان کے پیچھے ہے وہ 18 گریڈ کے افسروں کے سامنے پیش ہوں گے تو ان کی کیا ساکھ باقی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :