کے الیکٹر ک کی نا اہلی اور بد ترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اہلیان کراچی کو ذہنی مریض بنا دیا ہے‘کے الیکٹرک نے اپنا رویہ درست نہ کیا تو کراچی کے شہری کے الیکٹرک کے دفاتر کا گھیرائو کرنے پر مجبور ہوں گے

تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان اور جنرل سیکریٹری سردار عبد العزیزکی بات چیت

بدھ 17 مئی 2017 22:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے مقام صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان اور جنرل سیکریٹری سردار عبد العزیز نے کہا ہے کہ کے الیکٹر ک کی نا اہلی اور بد ترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اہلیان کراچی کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ گزشتہ 2ہفتے سے شہرکراچی میں 3دفعہ بڑا بریک ڈائون ہوا جس میں آدھے سے زیادہ شہر تاریکی میں ڈوبا رہا،لیکن کے الیکٹر ک انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہوئی،وہ بدھ کوضلع سائوتھ اور ضلع غربی کے دورے کے موقع پر عوامی اجتماعات سے خطاب کررہے تھے،اس موقع پر ضلع غربی کے صدر عطاء اللہ ایڈوکیٹ ، شاہنواز جدون، ضلع سائوتھ کے صدر منور قریشی ، شہزاد قریشی اور دیگر رہنما نے بھی خطاب کیا، تحریک انصاف کے رہنمائوں نے مزید کہا کہ گرمی کا موسم بڑھتے ہی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ روز کا معمول بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی جیسے معاشی شہر میں 12سے 14گھنٹے لوڈ شیڈنگ کراچی والوں کا مقدر بن گئی ہے۔کے الیکٹرک انتظامیہ اپنی نا اہلی چھپانے کے لئے کبھی واپڈا اور کبھی گیس کمپنی پر ذمہ داری ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اگر کے الیکٹرک نے اپنا رویہ درست نہ کیا تو کراچی کے شہری کے الیکٹرک کے دفاتر کا گھیرائو کرنے پر مجبور ہوں گے، کے الیکٹرک انتظامیہ کراچی کے شہریوں کو بجلی فراہم نہیں کر سکتی تو کے الیکٹرک واپس قومی تحویل میں لی جائے ،تاکہ کم از کم غریب عوام کی جیبوں پر ماہانہ اربوں روپے لوٹنے سے جان چھوٹ جائے۔