قومی باسکٹ ٹیم اسلامک سولیڈیٹری گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، کوچ ملک ریاض

بدھ 17 مئی 2017 22:37

قومی باسکٹ ٹیم اسلامک سولیڈیٹری گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2017ء) قومی باسکٹ ٹیم کے کوچ ملک محمد ریاض نے کہا ہے کہ قومی باسکٹ ٹیم اسلامک سولیڈیٹری گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی،اسلامک سولیڈیٹری گیمزباکو، آزربائیجان میں 12 مئی سے جاری ہیں جن میں پاکستان مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کر رہا ہے۔ آذربائیجان روانگی سے قبل ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں بھر پور محنت کر رکھی ہے اور امید ہے کہ کھلاڑی کھیل کے میدان میں بھر پور تیاری کے ساتھ اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی باسکٹ بال کا دستہ دس افراد پر مشتمل ہے جن میں چارمرد اورچار خواتین کھلاڑی اور دو کوچز شامل ہیں، مرد کھلاڑیوں میں احمد جان، محمد عاطف، محمد شہزاد، نعمت اللہ جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں مہروخان،ثناء محمود، سید ہ آمنہ مختار اور سیدہ خدیجہ شامل ہیں جبکہ ٹیم کے ہمراہ ملک محمد ریاض اور نوازش علی کوچز ہونگے۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں باسکٹ بال کے مقابلے (آج) جمعرات سے شروع ہونگے اور 22 مئی تک جاری رہیں گے، ایونٹ میںپاکستان میزبان آزربائیجان، سعودی عرب، ترکی، اردن اور افغانستان سمیت دس ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی اور کھلاڑی ایونٹ میں شرکت کے بعد 23 مئی کو واپس وطن پہنچیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے بھیجا جائے تاکہ ان میں غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے میں اعتماد بحال ہو۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے کھیلوں میں نرسری کا کام کرتے ہیں اور تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :