وزیراعظم محمد نواز شریف نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ چین کا دورہ کرکے قومی وحدت اور یکجہتی کی اعلیٰ مثالی قائم کردی ہے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر حملہ اورگوادر میں نہتے مزدوروں کا قتل ملک دشمن قوتوں کی کارستانی ہے

جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ کا کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 17 مئی 2017 21:40

کوئٹہ۔17مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2017ء) جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری و سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ چین کادورہ کرکے قومی وحد ت اوریکجہتی کی اعلیٰ مثالی قائم کردی ہے ۔ مستونگ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدر ی کے قافلے پر حملہ اورگوادر میں نہتے مزدوروں کا قتل ملک دشمن قوتوں کی کارستانی ہے امن کادشمن ہم سب کامشترکہ دشمن ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوںنے بدھ کو جماعت اسلامی کے صوبائی دفترالفلاح ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں محمد اسلم ،صوبائی امیرمولاناعبدالحق ہاشمی اوردیگربھی موجودتھے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ سی پیک پاک چین دوستی کیلئے کافی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے بلوچستان اور دیگرعلاقوں میں امن کاقیام ناگزیر ہے ۔انہوںنے کہاکہ رمضان المبارک کے بعد جماعت اسلامی رابطہ مہم کاآغاز کریگی۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت، تعصبات کے خاتمے اورقومی سلامتی کیلئے دینی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔