ملک بھر میں بجلی برابری کی سطح پر فراہم کی جارہی ہے ،جلد اندھیروں کا خاتمہ کر دیا جائیگا، عابد شیر علی

گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں ایک میگاواٹ بجلی بھی نظام میں شامل نہ کرنے کے باعث بحران پیدا ہوا ،5200 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کرچکے ہیں ،جولائی سے اگست کے درمیان بجلی کی پیداوار 20سے 21ہزار میگا واٹ کی ریکارڈ سطح پر لیکر جائینگے سب سے زیادہ بجلی سندھ میں چوری ہوتی ہے ، لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کرنیوالی عائشہ گلالئی کے گھر کے فیڈر پر 70 فیصد بجلی چوری ہوتی ہے،نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 17 مئی 2017 21:56

ملک بھر میں بجلی برابری کی سطح پر فراہم کی جارہی ہے ،جلد اندھیروں کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2017ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بجلی برابری کی سطح پر فراہم کی جارہی ہے ،جلد اندھیروں کا خاتمہ کر دیا جائیگا، گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں ایک میگاواٹ بجلی بھی نظام میں شامل نہ کرنے کے باعث بحران پیدا ہوا ،5200 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کرچکے ہیں ،جولائی سے اگست کے درمیان بجلی کی پیداوار 20سے 21ہزار میگا واٹ کی ریکارڈ سطح پر لیکر جائینگے، سب سے زیادہ بجلی سندھ میں چوری ہوتی ہے ، لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کرنیوالی عائشہ گلالئی کے گھر کے فیڈر پر 70 فیصد بجلی چوری ہوتی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک سے بجلی بحران کے خاتمے کیلئے سنجیدہ و مخلصانہ کوششیں شروع کیں اور توانائی کے متعدد منصوبوں کو شروع کیا جن کی تکمیل سے آج بجلی بحران پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ بہت جلد ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہم اس بات کو بھی سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ سندھ میں بجلی چوری ہوتی ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کے لیے بھی تیار ہوں۔

جہاں 3 سو کے قریب فیڈرز پر کنڈے لگے ہوئے ہوں اور ہم 5ہزار لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کریں لیکن اس کے جواب میں صرف 4لوگوں پر ایف آئی آر درج ہو تو پھر یہ چوری کیسے اور کون روکے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکام کو چاہئے کہ اپنے اپنے حلقوں میں لوگوں کو بجلی چوری سے روکیں اور انہیں بجلی کے میٹر لگوانے کی ترغیب دیں اور ہم انہیں میٹر بھی سستے دیں گے تاکہ ملک کے دوسرے لوگ جو پورا بل بھی ادا کرتے ہیں انہیں لوڈ شیڈنگ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ہم سو فیصد یقین دہانی کراتے ہیں کہ انہیں بھی ملک کی دوسری عوام کی طرح پوری پوی بجلی فراہم کی جائے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 250 فیڈرز پر زیرو لوڈ شیڈنگ ہے جبکہ 150 فیڈرز ایسے ہیں جہاں 99.9 فیصد بجلی کنڈے لگا کر چوری کی جاتی ہے یہاں تک کہ تحریک انصاف کی رہنما و رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی جو لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کر رہی تھیں، کے گھر کے فیڈر پر بھی 70 فیصد بجلی چوری ہوتی ہے۔