پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ مستفید ہوگا،بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کا باعث بھی بنے گا،گوادر بندرگاہ، صنعتی زونز اور دیگر منصوبوں سے پاکستانی انجنیئرز کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان کی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 17 مئی 2017 22:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ مستفید ہوگا اور یہ ملک کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کا باعث بھی بنے گا۔ بدھ کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ، صنعتی زونز اور دیگر منصوبوں سے پاکستانی انجنیئرز کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف کی ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پورے خطے کے لیے ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس سے خطے بھر میں معاشی انقلاب آئے گا۔ دریں اثنا ترجمان سٹیٹ بنک آف پاکستان عابد قمر نے کہا کہ بنک آف چائینہ کی پاکستان آمد ایک بڑی معاشی ترقی ہے جو سی پیک سے متعلق منصوبوں کو رقم کی فراہمی کے لیے راہ ہموار کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کیپیٹل مارکیٹ سمیت اسٹاک ایکسچینج آف پاکستان کو بھی سی پیک منصوبوں کے ذریعے فروغ ملے گا۔ ڈائریکٹر پی ایس ایکس احمد چنائے کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ایک مثالی ماحول دستیاب ہے جس سے سرمایہ کاروں کا مستفید ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتر صورت حال کے لیے موجودہ حکومت کے اٹھائے جانے والے اقدامات کی بدولت بیرونی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔