عالمی عدالت انصاف کے فیصلے سے قبل ہی ٹوئٹر پر کلبھوشن یادو کا پاکستان اور بھارت سمیت عالمی سطح پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

جمعرات 18 مئی 2017 23:52

نئی دہلی /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2017ء) بھارتی جاسوس کلبوشن کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے عبوری فیصلے سے قبل ہی ٹوئٹر پر کلبھوشن یادو کا پاکستان اور بھارت سمیت عالمی سطح پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔برطانوی میڈیا کے مطابقعالمی عدالت انصاف کی جانب سے پاکستان میں گرفتار مبینہ انڈین جاسوس کلبھوشن جادھو کے حوالے سے فیصلے کی گونج سوشل میڈیا پر بھی سنائی دیتی رہی۔

سوشل میڈیا پر انڈین اور پاکستانی صارفین کی جانب سے عالمی عدالت انصاف کے عبوری فیصلے پر رائے کا بھرپور اظہار کیا جارہا ہے۔بھارت کی جانب سے کلبھوشن جادھو کی پھانسی کو روکے جانے کو ان کی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے جبکہ متعدد پاکستانی اس فیصلے کے خلاف اپنی آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو عالمی عدالت انصاف کے عبوری فیصلے سے قبل ہی ٹوئٹر پر کلبھوشن جادھو کا ٹرینڈ پاکستان اور انڈیا سمیت عالمی سطح پر بھی صف اول کے ٹرینڈز میں شامل تھا جبکہ پاکستان میں 'پاکستانی عالمی عدالت انصاف کو مسترد کرتے ہیں'، کلبھوشن جادھو، آئی سی جے جبکہ انڈیا میں بھی کلبھوشن جادھو سے متعلقہ ٹرینڈز نمایاں رہے۔

شمع جونیجو کہتی ہیں کہ پہلے دن سے ہی میرا یہ موقف تھا کہ ہم نے کلبھوشن جادھو کو منصفافہ مقدمے کا حق اور قونصلر کی رسائی مہیا نہ کر کے اپنا مضبوط کیس کمزور کیا ہے۔پاکستانی وکیل یاسر لطیف ہمدانی کہتے ہیں کہ عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ ایسا ہی ہونا تھا۔انڈین صحافی شیکھر گپتا کہتے ہیں کلبھوشن جادھو کی سزائے موت کی معطل ہونا عمدہ کامیابی ہے۔

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کیسے کام کرتے ہیں۔ یہ ان جنگجوں کے لیے بھی سبق ہے جو سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ایک صارف حیدر علی کہتے ہیں کہ کلبھوشن جادھو کا فیصلہ بھی پاناما کیس جیسا ہی دکھائی دیتا ہے۔وقار یونس سومرو کہتے ہیں کہ یہ ایک اندرونی معاملہ ہے۔ پاکستان کو کلبھوشن جادھو کو پھانسی دینی چاہیے تاکہ پیغام دیا جا سکے۔خالد منیر کے خیال میں 'نواز شریف پہلی بار عدالت میں کوئی مقدمہ ہارے ہیں۔انڈین صارف محمد الطاف کہتے ہیں کہ 'یہ انڈیا کے لیے بہت بڑی کامیابی ہے، ملکوں کے درمیان تنازعات عدالتوں میں حل کیے جاتے ہیں نہ کہ شور شرابے والے ٹی وی سٹوڈیوز میں۔

متعلقہ عنوان :