اے این پی نے فاٹا کے اہم معاملے پر صوبائی اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی

جمعرات 18 مئی 2017 23:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2017ء) عوامی نیشنل پارٹی نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں فاٹا کے صوبے میں فوری انضمام کے حوالے سے ایک قرار داد جمع کرا دی ہے ، قرارداد پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے جمع کرائی اور اس میں صوبائی حکومت سے کہاگیاہے کہ وہ مرکزی حکومت سے اس امر کا پرزور مطالبہ کرے کہ صوبے اور ملک کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فاٹا کو صوبے میں ضم کرنے کے آئینی تقاضے فوری طور پر عملی بنائیں۔

اور فاٹا کو فوری طور پر صوبے میں ضم کرنے کے حوالے سے آئینی اور قانونی لوازمات کو پورا کیا جائے۔قرارداد میں مزید کہا گیاکہ صوبائی اسمبلی یہ بھی سفارش کرتی ہے کہ فاٹا کو صوبے میں ضم کرنے کے معاملے میں مرکزی حکومت کے تاخیری حربے صوبے اور ملکی مفاد کے منافی ہیں۔

(جاری ہے)

فاٹا کے عوام اور منتخب نمائندے اور ملک کی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی اکثریت فاٹا کے انضمام کے حق میں ہیں اور مختلف فورمز پر انضمام کے لئے آواز اٹھاتے رہے ہیں، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فاٹاہر حوالے سے ملک کا زرخیز علاقہ ہے۔

وہاں کے باشندے ضروریات زندگی اور ترقی سے محروم ہیں۔ لہٰذا فاٹا کے پسماندگی اور وہاں کے عوام کے قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انضمام کے مسئلے کو فوری طور حل کرکے مالی اور انتظامی طور پر صوبے کے زیر اثر لایا جائے۔