آئیسکو ملازمین کوبہترین کارکردگی پر عید سے قبل بونس ملے گا، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے مطالبہ پر عابد شیر علی کا اعلان

آئیسکو ملازمین رمضان المبارک میں صارفین کی شکایات کے فوری ازالے اور سحری و افطار کے وقت بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں 2018سے قبل ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے وزیراعظم نوازشریف کے عزم کی تکمیل کیلئے بھرپور محنت کریں،وزیر مملکت پانی وبجلی

جمعرات 18 مئی 2017 22:56

آئیسکو ملازمین کوبہترین کارکردگی پر عید سے قبل بونس ملے گا، واپڈا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2017ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے آئیسکو ملازمین پر زور دیا ہے کہ وہ رمضان المبارک میں صارفین کی شکایات کے فوری ازالے اور سحری و افطار کے وقت بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں اور 2018سے قبل ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے وزیراعظم نوازشریف کے عزم کی تکمیل کیلئے بھرپور محنت کریں۔

اس امر کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اسلام آباد میں اپنے استقبال کیلئے جمع ہونے والے سینکڑوں آئیسکو ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر باسط زمان احمد، ڈی جی ایڈمن اینڈ ہیومن ریسورس مشتاق احمد، واپڈا سی بی اے کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ،ریجنل سیکرٹری حاجی ظاہر گل،وائس چیئرمین طارق نیازی،چوہدری اکرم اور ریجنل سیکرٹری انفارمیشن سجاد حسین ساجد سمیت دیگر یونین عہدیداران اور آئیسکو افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی ای) کے مطالبہ پرآئیسکوکے تمام ملازمین کو ان کی بہترین کارکردگی پر عید سے قبل بطور بونس ایک اضافی اعزازی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ۔ قبل ازیں یونین کے چیئرمین جاوید اقبال بلوچ نے اپنے خطاب میںوزیر پانی و بجلی کو کارکنوں کے مسائل و مطالبات سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ آئیسکو اپنے ملازمین کی محنت و جانفشانی کی بدولت گذشتہ پندرہ سال سے پاکستان کی نمبر ون کمپنی چلی آرہی ہے اسلئے آنے والی عید پر بونس ملازمین کا حق ہے ہمارے کارکن بجلی رواں دواں رکھنے کیلئے مشکل ترین حالات میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیںاور ہر سال درجنوں کارکن دوران ڈیوٹی حادثات کا شکار ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں یا زندگی بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئیسکوملازمین کی سکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنایاجائے، علاج معالجہ کی بہتر سہولتوں کیلئے اسلام آباد میں ہسپتال کی فوری تعمیر کی جائے، تمام اہل کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا جائے اور ادارے میں سٹاف کی کمی دور کی جائے۔ عابد شیر علی نے تمام آئیسکو ملازمین کیلئے ایک اعزازی تنخواہ کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تنخواہ دار طبقہ کے مسائل و مشکلات کو نظر انداز نہیں کر سکتی، کارکنوںکے تحفظ اور فلاح و بہبود کے تمام مطالبات پورے کیے جائیں گے۔