بلدیاتی الیکشن میںضلع ملتان بھر کی بیشتر یونین کونسل میں مخصوص نشستوں پر الیکشن نہ ہوسکا

144 میں سے 137 مخصوص نشستوں پر کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے،ذرائع

جمعرات 18 مئی 2017 22:39

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2017ء) پنجاب بلدیاتی الیکشن میںضلع ملتان بھر کی بیشتر یونین کونسل میں مخصوص نشستوں پر الیکشن نہ ہوسکا، ذرائع کے مطابق 144 میں سے 137 مخصوص نشستوں پر کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے ۔137 خالی مخصوص نشستوں میں سے 129 اقلیتی، 5 خواتین، 2 یوتھ، جبکہ 1کسان کی نشست شامل ہے۔

(جاری ہے)

2 مرحلوں میں ضلع بھر کی 144 میں سے 137 نشستوں پر کوئی امیدوار سامنے نہ آیا، الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق ضلع بھر سے صرف 7 یونین کونسل سے خصوصی نشستوں پر امیدوار منتخب ہوچکے ہیں، اقلیتوں کے لیے مختص 130 نشستوں میں سے صرف ایک ہی سیٹ پر امیدوار سامنے آیا ہے ،جبکہ ضلع بھر کی 129 یونین کونسلوں میں کسی اقلیتی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔

دوسری طرف ضلعی الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمیشن کو تجویز دی ہے کہ الیکشن کمیشن ان یونین کونسلز سے اقلیتوں کی خصوصی نشستیں ختم کرے، جن یونین کونسل میں اقلیتی نمائندے موجود نہیں ہیں، مخصوص نشست ختم کرنے کے لیے قانون سازی کی جائے۔الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ خالی نشستوں پر دوبارہ الیکشن کا فیصلہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کرے گا۔