مجوزہ کمپنیز بل 2017 صرف ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے منسلک کمپنیوں پر لاگو ہوگا‘ ایس ای سی سی

جمعرات 18 مئی 2017 21:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2017ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن نے کہا ہے کہ مجوزہ کمپنیز بل 2017 صرف ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے منسلک کمپنیوں پر لاگو ہوگا۔ایس ای سی پی کے مطابق ذاتی ملکیت کے کاروبار یا پارٹنر شپ فرم ایس ای سی پی کے دائرہ کار میں نہیں آتے۔ مجوزہ قانون کی رئیل اسٹیٹ سے متعلق شق صرف عوام کی جانب سے ان کمپنیوں کو مستقبل کے تعمیراتی منصوبوں میں پلاٹ یا گھر وغیرہ کی بکنگ یا خریداری کے لئے جمع کروائے جانے والے ایڈوانس اور ڈیپازٹ کے تحفظ تک محدود ہے جبکہ متعلقہ لینڈ اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹیاں ان کمپنیوں کی سرگرمیوں کو پہلے ہی کی طرح ریگولیٹ کرتی رہیں گی۔

مجوزہ کمپنیز بل کی ریل اسٹیٹ سے متعلقہ شقیں صرف اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ ان کمپنیوں کی جانب سے اپنے صارفین سے اکٹھے کئے جانے والے پیسے صرف اس تعمیراتی منصوبے کی ڈویلپمنٹ کے لئے استعمال ہوں جس کے لئے یہ فنڈز اکٹھے کئے گئے تھے اور ان کمپنیوں کی جانب سے ان فنڈز کا غلط استعمال کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی کے مطابق اس طرح سے ان تعمیراتی منصوبوں میں ہونے والے تعطل اور تاخیر کو روکا جا سکے گا اور عوام کے فنڈزکو محفوظ بنانے کی کوشش کی جا سکے گی۔

ایس ای سی پی کے مطابق اس بات کو یقینی بنائے گا کہ رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کی جانب سے کسی نئے منصوبے کے اعلان اور عوام سے فنڈز کو اکٹھا کرنے اور سرمایہ کاری کے لئے اخبارات میں اشتہاری مہم شروع کرنے سے پہلے متعلقہ قوائد و ضوابط کے مطابق لینڈ اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹیوں سے منظوری لی جا ئے۔

متعلقہ عنوان :