Live Updates

اس ملک کے ساتھ سیاست بازی کرنے والے مفاد پرست حکمران صرف چوری کرتے رہے عوام پر کسی نے توجہ نہیں دی،ایک عمران خان ہے جو ملک کو بدلنا چاہتا ہے، ہمارا مقابلہ چوروں کے ساتھ ہے سارے چور ایک طرف ہیں اور عمران خان اکیلے ایک طرف ہے،امید ہے آئندہ الیکشن میں چوروں کا صفایا کر دیں گے، امیر مقام نے چوری کے سوا کچھ نہیں سیکھا اس نے شانگلہ کے لوگوں کو محروم رکھا ہے، امیر مقام کا قد سیاست میں بہت چھوٹا ہے بڑھکیں مارتا ہے ، جھوٹ بولتا ہے، حقائق کو توڑ کر پیش کرتا ہے لیکن سیاست میں اسکا کوئی مستقبل نہیں

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا جلسہ عام سے خطاب

جمعرات 18 مئی 2017 21:45

اس ملک کے ساتھ سیاست بازی کرنے والے مفاد پرست حکمران صرف چوری کرتے رہے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اس ملک کے ساتھ سیاست بازی کرنے والے مفاد پرست حکمران صرف چوری کرتے رہے عوام پر کسی نے توجہ نہیں دی۔ ایک عمران خان ہے جو ملک کو بدلنا چاہتا ہے۔ ہمارا مقابلہ چوروں کے ساتھ ہے سارے چور ایک طرف ہیں اور عمران خان اکیلے ایک طرف ہے۔ امید ہے کہ آئندہ الیکشن میں چوروں کا صفایا کر دیں گے۔

انہوں نے کہا امیر مقام نے چوری کے سوا کچھ نہیں سیکھا اس نے شانگلہ کے لوگوں کو محروم رکھا ہے۔ امیر مقام کا قد سیاست میں بہت چھوٹا ہے بڑھکیں مارتا ہے ، جھوٹ بولتا ہے، حقائق کو توڑ کر پیش کرتا ہے لیکن سیاست میں اسکا کوئی مستقبل نہیں۔وہ دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دے اگر میں اپنا سیاسی تجربہ استعمال کروں تو وہ سیاست میں کہیں نظر نہیں آئے گا۔

(جاری ہے)

نواز شریف پناما لیکس میں پھنس چکے ہیں جس سے نکلنا بہت مشکل ہے۔شانگلہ بہت خوبصورت مقام ہے مگر بد قسمتی سے نون لیگیوں نے اسے پسماندہ رکھا ہے۔شانگلہ کی ترقی اور وہاں کے عوام کو تعلیم، صحت، آمد و رفت اور دیگر سہولیات ہم فراہم کر رہے ہیں۔ شانگلہ کے عوام اپنے حق کے لئے کھڑے ہو جائیں اور مسلم لیگ نون کو شانگلہ کی ترقی میں رکاوٹ نہ بننے دیں۔

جن مفاد پرست سیاستدانوں نے شانگلہ کے حقوق پر ڈاکے ڈالے انکو بھگا دیں۔وہ جمعرات کے روز سنیلہ پورن ضلع شانگلہ میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر ، صوبائی وزراء شہرام خان ترکئی ، محمود خان ، معاون خصوصی عبدالمنعم خان ،ایم پی اے شوکت یوسفزئی اور دیگر موجود تھے۔پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وہ تمام دستیاب وسائل عوام خصوصاً غریبوں کی ترقی اور فلاح و بہبود پر خر چ کر رہے ہیں کیونکہ پی ٹی آ ئی سمجھتی ہے کہ ترقی انسانوں پر خرچ کرنے سے ہوتی ہے اور اس مقصد کیلئے تعلیم ہی بنیاد ہے یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے بھر کے سکولوں پر پچاس ارب روپے سے زائد خرچ کرکے ان میں بنیادی سہولیات فراہم کیں تاکہ سرکاری تعلیمی اداروں کو بہترین نجی اداروں کے برابر لا کر ان پر عوام کے اعتماد کو بحال کیا جائے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت نے شعبہ صحت کو بھی اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا جس کے تحت صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کیا ، ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا اور ہسپتالوں میں تشخیصی مشینری کو یقینی بنایا تاکہ غریب عوام کو مہنگے نجی ہسپتالوں کے بھاری اخراجات سے بچایا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ اس سے قبل غریب عوام پیچیدہ بیماریوں کے علاج معا لجے کے لئے گھر ، جائیداد اور دیگر جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھتے تھے لیکن اب صوبے کی نصف آبادی کو صحت کارڈ فراہم کرکے ان کو علاج معالجہ کی باعزت سہولت فراہم کی گئی ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پولیس اصلاحات نافذ کرکے عوام کو تھانہ کلچر کی زیادتیوں سے نجات دلائی اور اب عوام کو تھانوں میں باعزت شہری کے طور پر سہولیات دی جاتی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بڑے پیمانے پر لی جانے والی رشوت کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے جبکہ چھوٹی سطح پر رشوت اور بد عنوانی کا خاتمہ کرنے کیلئے عوام کا تعاون ضروری ہے ۔

انھوں نے عوام سے کہا کہ وہ رشوت طلب کرنے والوں کی شکایت فوری طور پر حکومت تک پہنچائیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو صحتمند ماحول فراہم کرنے کیلئے بھی انقلابی اقدامات کر رہی ہے جن کے تحت ہماری حکومت نے تین سال میں 80کروڑ پودے لگائے جبکہ گزشتہ 65سالوں میں صرف 60کروڑ پودے لگائے گئے تھے ۔ اسی طرح انھوں نے کہا کہ آئیندہ سال تک بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے تحت ایک ارب سے زائد درخت لگانے کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے یاددہانی کرائی کہ سابقہ حکمرانوں نے درختوں کی بے دریغ کٹائی کرکے ان سے ناجائز کمائی کی جس کے نتیجے میں ماحول کا بہت زیادہ نقصان ہوا ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت نے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کا موقع فراہم کرنے کیلئے تحصیل کی سطح پر کھیلوں کے میدان بنانے کا منصوبہ شروع کیا جن میں سے زیادہ تر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ بعض میدان اراضی کے مسائل کی وجہ سے اپنی مقررہ مد ت میں مکمل نہ ہو سکے تاہم ان کو بھی جلد ہی مکمل کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار دلانے کیلئے آئی ٹی کے شعبے کو ترقی دی گئی جو تاحال جاری ہے۔پرویز خٹک نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت صوبے میں کارخانوں کا ایک وسیع جال بچھایا جائے گاجس سے بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔اسی طرح پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا اور ہمارا صوبہ پور ے پاکستان کیلئے مثال بنے گا۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر علاقے کے دو مقامی پرائمری سکولوں کو مڈل اور دو مڈل سکولوں کو ہائی کا درجہ دینے کا اعلان کیا ۔

اسی طرح وزیر اعلیٰ نے واٹر سپلائی سکیم کے لئے ایک ٹیوب ویل کے قیام اور ڈیڑھ لاکھ فٹ پائپ کی فراہمی کا اعلان کیا ۔وزیر اعلیٰ نے خو شخبری سنائی کہ ضلع شانگلہ کے قدرتی حسن پر پڑے ہوئے پردے کو ہمیشہ کے لئے اٹھا دیا جائے گا اور اس کو صوبے کے اہم سیاحتی مقامات کے طرز پر ترقی دی جائے گی جس کا مرکز قدرتی حسن کا شاہکار مقام یخ تنگی ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے عندیہ دیا کہ وہ مزید اعلانات 21مئی کو اپنے بشام کے دورہ میں کرینگے۔

اس موقع پر انجینئر حبیب اللہ خان، خورشید خان، امیر سیاب اور زیب اللہ خان نے مسلم لیگ ن کے ساتھ چالیس سالہ رفا قت ختم کرکے اپنے ہزاروں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔جلسہ سے عبدالمنعم خان ،شوکت یوسفزئی اور عبدالمولیٰ نے بھی خطاب کیا۔ ایم پی اے شوکت یوسفزئی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اگر شانگلہ میں پی ٹی آئی مضبوط ہو رہی ہے اور ترقیاتی کام ہو رہے ہیں تو اسکا سہرا بھی وزیر اعلیٰ کے سر جاتا ہے جنہوں نے ضلع کی ترقی کے لئے اربوں روپے دے کر ساٹھ سالہ محرومیوں کا ازالہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب پاناما لیکس والے ، ڈیزل والے اور ایزی لوڈ والے فارغ ہو جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات