تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کی خیبرپختونخوا میں کارکردگی صفر رہی، وہ دھرنے اور جھوٹے الزامات کی سیاست سے آئندہ الیکشن میں عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے،خیبرپختونخوا کے دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں مسلم لیگ نواز کی عوامی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے،ہم اپنی کارکردگی اور کامیابیوں کی بنیاد پر آئندہ عام انتخابات بھاری اکثریت سے جیتیں گے،وزیراعظم کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام کا عوامی جلسہ سے خطاب

جمعہ 19 مئی 2017 00:50

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) وزیراعظم کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام نے کہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کی خیبرپختونخوا میں کارکردگی صفر رہی، وہ دھرنے اور جھوٹے الزامات کی سیاست سے آئندہ الیکشن میں عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ دیر اپر میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں مسلم لیگ نواز کی عوامی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے،ہم اپنی کارکردگی اور کامیابیوں کی بنیاد پر آئندہ عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ترقی کی پالیسیوں کو اختیار کیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کوئی کارکردگی دکھانے کی بجائے جھوٹے الزامات کی سیاست کی اور سیاسی مخالفین کے خلاف گندی زبان استعمال کی۔

(جاری ہے)

امیر مقام نے کہا کہ گلگت، چترال اور چکدرہ کو چین پاکستان اکنامک کوریڈور میں شامل کر لیا گیا ہے جو مالاکنڈ ڈویژن سمیت پختون بیلٹ کی تقدیر بدل دے گا۔

انہوں نے بتایا کہ لواری ٹنل پراجیکٹ اسی سال جولائی میں مکمل ہو جائے گا، جس پر 30 ارب روپے لاگت آئی ہے۔ امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اپنے دور حکومت میں وہ تمام منصوبے مکمل کئے ہیں جنہیں گزشتہ حکومتیں نظرانداز کرتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کئے گئے۔ اس موقع پر انہوں نے چکدرہ سے دیر اپر تک 110 کلو میٹر لمبی ٹرانسمیشن لائن کے تعمیری کام کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے شاندار استقبال کرنے پر دیر اور سوات کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے دیر کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے،مسلم لیگ (ن) 2018ء میں دوبارہ اقتدار میں آ کر یہاں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔