کل جماعتی حریت کانفرنس کا غیر قانونی طور پر نظر بند رہنمائوں طارق گنائی اور ماسٹر علی محمد کی گرتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش

عالمی ریڈ کراس کمیٹی اور انسانی حقوق تنظیمیں علیل کشمیری نظر بندوں کی حالتِ زار کا نوٹس لیں اور مناسب علاج ومعالجے کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں، حریت ترجمان ایاز اکبر

جمعہ 19 مئی 2017 11:31

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کپواڑہ ڈسٹرکٹ جیل میں غیر قانونی طور پر نظربند مسلم لیگ کے راہنما طارق احمد گنائی کی بگڑتی ہوئی صحت پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذیابیطس اور بلند فشار خون کیساتھ ساتھ انہیں دیگر کئی امراض لاحق ہیں لیکن انہیں جیل میں مناسب علاج ومعالجہ بہم نہیں پہنچایا جا رہا ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایاز اکبر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ طا رق احمد گنائی گزشتہ 10ماہ سے نظر بندہیں اور اس دوران انہیں ایک بھی بار کسی ماہر داکٹر کے پاس نہیں لے جایا گیا ہے اور انہیں حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ ترجمان نے جموںخطے کی کوٹ بلوال جیل میں نظر بند تحریک حریت جموںوکشمیر کے 75سالہ رہنماماسٹر علی محمد کی حالتِ زار پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حاجن سوناواری کے علی محمد گزشتہ ایک برس سے جیل میںہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ ماسٹر علی محمد پر اکتوبر 2016 میں کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیا جسکے بعد انہیں کوٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ نے ان پر عائد پی ایس اے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کے احکامات صادر کیے لیکن رہا کرنے کے بجائے قابض انتظامیہ نے ان پر دوبارہ سے کالا قانون لاگو کر دیا ۔ ترجمان نے کہا کہ ماسٹر علی محمد کی صحت بھی جیل میںخراب ہو چکی ہے اور انکا بھی علاج نہیں کرایا جا رہا۔ترجمان نے عالمی ریڈ کراس کمیٹی اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ علیل کشمیری نظر بندوں کی حالتِ زار کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے مناسب علاج ومعالجے کے لیے اپناثرورسوخ استعمال کریں۔

متعلقہ عنوان :