مقبوضہ کشمیر میں جاری قابض افواج کے مظالم پر اقوام عالم کی مجرمانہ خاموشی باعث تشویش ہے ،شوکت جاوید میر

عالمی عدالت انصاف بھارتی قاتل کو ریلیف دینے کے بجائے پھانسی دے ،بھارت کیخلاف اقتصادی پابندیاں عائد کرے، میڈیا ایڈوائزر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر

جمعہ 19 مئی 2017 15:11

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سابق میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر نے مقبوضہ کشمیر کے اندر جاری قابض افواج کے مظالم پر اقوام عالم کی مجرمانہ خاموشی باعث تشویش ہے ،ایک طرف بھارت عالمی عدالت انصاف میں جا کر اپنے دہشت گردی پاکستانیوںح کے قاتل کی پھانسی رکوانے کیلئے عالمی برادری کی حمایت حاصل کرنا چاہتا ہے تودوسری طرف اپنے زیر قبضہ کشمیر کے اندر معصوم مظلوم، نہتے ، عورتوں، بچوں اور بزرگوں کو بے دردی سے قتل ، اغواء اور ماورائے عدالت قتل کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف، بھارتی قاتل کو ریلیف دینے کے بجائے اسے پھانسی دے اور بھارت کو دنیا بالخصوص پاکستان کے اندر تخریبی کارروائیاں کرنے پر اس کے خلاف اقتصادی پابندیاں عائد کرے، شوکت جاوید میر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے بھرپور انداز سے رابطہ مہم شروع کر دی ہے، آزاد کشمیر بھر کے تمام ضلعی، تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر اجتماعات منعقد کئے جا رہے ہیں، حکومت کے انتقامی اقدامات کے باعث سرکاری ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے ، عوام حکومت سے نالاں ہیں پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔