بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام غربت کے خاتمہ اور مستحق خاندانوں کی امداد میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، موجودہ حکومت کی جانب سے اس کار خیر کیلئے وسائل میں اضافہ اور اس کے دائرہ کار میں وسعت خوش آئند اقدام ہے

وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کی چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن سے گفتگو

جمعہ 19 مئی 2017 18:48

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام غربت کے خاتمہ اور مستحق خاندانوں کی امداد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) غربت کے خاتمہ اور مستحق خاندانوں کی امداد میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، موجودہ حکومت کی جانب سے اس کارخیر کیلئے وسائل میں اضافہ اور اس کے دائرہ کار میں وسعت خوش آئند اقدام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن سے گفتگو میں کیا جنہوں نے جمعہ کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ماروی میمن نے اپنے ادارہ کی جانب سے نادار افراد کی امداد کے حوالہ سے مرتب کردہ رپورٹ بھی عرفان صدیقی کو پیش کی۔ مشیر وزیراعظم نے کہاکہ پالیسیوں کا تسلسل اہم قومی اہداف کے حصول کے لئے ایک ناگزیر بنیادی تقاضا ہے‘ خوشی کی بات ہے کہ پاکستان میں پالیسیوں کے تسلسل کی افادیت کے حوالے سے سیاسی جماعتوں میں پختگی پیدا ہوئی ہے ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بھی اس کی ایک عمدہ مثال ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس اچھے کام کو نہ صرف جاری رکھا ہے بلکہ اس کے وسائل میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا ہے اور اس عمل کی شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے اس کا دائرہ مزید مستحق خاندانوں تک پھیلایا ہے۔ تعلیم اور صحت کے پہلوئوں کو شامل کرنے سے اس پروگرام کی افادیت میں اضافہ ہوا ہے۔ عرفان صدیقی نے بی آئی ایس پی کی طرف سے تیار کردہ خصوصی رپورٹ کی تیاری اور 18 پاکستانی مقامی زبانوں میں اس کے تراجم شامل کرنے کی کاوش کو سراہا۔

ماروی میمن نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سماجی بہتری کے حوالے سے عالمی ساکھ کا حامل مثالی پروگرام بن چکا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ملک بھر میں ہر مستحق اور نادار خاندان تک پہنچیں اور اسے پروگرام میں شامل کریں۔ انہوں نے پروگرام میں سو فیصد شفافیت لانے کیلئے نئے مشینی اقدامات کی تفصیل بتائی۔