کلبھوشن کو پاکستان قوانین کے مطابق سزا دینا انصاف کے خلاف نہیں ، آپریشن ردالفساد پاکستان کو اندرونی دہشت گردی سے پاک کرنے کا واحد راستہ ہے،میرے تمام اکائونٹس ،اثاثے ایف آئی اے نے چھان بین کر لیے، کرپشن کی ایک پائی بھی ثابت نہیں ہوئی

سابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کی ذکریا یونیورسٹی کے اساتذہ کے وفد سے گفتگو،تقریب سے خطاب

جمعہ 19 مئی 2017 18:48

کلبھوشن کو پاکستان قوانین کے مطابق سزا دینا انصاف کے خلاف نہیں ، آپریشن ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2017ء) سابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ کلبھوشن کو پاکستان قوانین کے مطابق سزا دینا انصاف کے خلاف نہیں ہے، آپریشن ردالفساد پاکستان کو اندرونی دہشت گردی سے پاک کرنے کا واحد راستہ ہے۔ ضرب عضب کی کامیابی کے بعد دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن ردالفساد انتہائی موثر ثابت ہورہا ہے۔

وہ جمعہ کو بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے پروفیسرز اور ایڈمن کے مشترکہ وفد سے ملاقات میں کیا ۔وفد نے ان کی باعزت رہائی پر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیے۔حامدسعیدکاظمی نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میرے خلاف کسی ایک گواہ نے بھی گواہی نہیں دی ۔میرے تمام اکائونٹس ،اثاثے ایف آئی اے نے چھان بین کر لیے۔

(جاری ہے)

آخر انہیں ماننا پڑا کہ حامد سعید کاظمی کے خلاف کرپشن کی ایک پائی بھی ثابت نہیں ہوئی اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے اس نے سر خرو فرمایا ورنہ یہاں دودھ کالا اور شہد بھی کڑوا ہو سکتا ہے۔

وفد میں پروفیسر ڈاکٹر حکومت علی،ڈاکٹر نسیم حسن شاہ،ڈاکٹر محمد اجمل،ڈاکٹر مظہر حسین،ڈاکٹر محمد طارق،پروفیسر کلیم احمد کلیم قریشی،نعیم عاشق،اصغر جمال،چوہدری محمد اکبر،سرور انصاری،میاں محمد شفیق،حاجی سعید احمد انصاری شریک تھے۔بعدازاں ملتان کے علاقیطوطل پورہ میں بزم السعید کے زیراہتمام الاحمد فری ڈسپنسری کے افتتاح کے موقع پر معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہو ئے سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ غریب و نادار لو گوں کو مفت علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے لئے سماجی اداروں کے اقدامات لائق تحسین ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی کے اس دور میں انہیں بروقت مفت علاج معالجے کی سہولت میسر ہوتی ہے ۔

فری ڈسپنسری کا افتتاح الیکشن کمپئین نہیں بلکہ مستحق بیمار مریضوں کو مفت علاج معالجہ فراہم کرنا ہمارا دینی فریضہ بھی ہے اور خدمت خلق بھی ہے۔اس موقع پر بزم السعید کے سٹی صدر محمد بلال سعیدی ، محمد طاہر سعیدی، زاہد بلال قریشی، محمد کاظم ملک سعیدی ، ڈاکٹر محمد اشرف سعیدی، احمد اقبال سعیدی، ملک محمد زبیر بچہ، محمد رمضان انصاری ، محسن ضیاء سعیدی، رمیز بدرسعیدی،محمد عمر سعیدی، محمد نقاش ، غلام دستگیر سعیدی ، عابدحسین سمیت معززین علاقہ بھی موجود تھے ۔

سید حامد سعید کاظمی نے مزید کہا کہ جہاں حکومتی سطح پر عوام کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں وہاں پر سماجی اداروں اور مخیر حضرات کی وجہ سے بھی بیمار مریضوں کو علاج معالجے کے لئے کوششیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کے دیگر علاقوں میں بھی فری ڈسپنسریوں کے قیام کے سلسلے میں بھی جدوجہد جا ری رکھیں گے ۔