بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام غربت کے خاتمے اور مستحق خاندانوں کی امداد میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،عرفان صدیقی

پالیسیوں کے تسلسل کی افادیت کے حوالے سے سیاسی جماعتوں میں پختگی پیدا ہوئی ‘ بی آئی ایس پی اس کی عمدہ مثال ہے مشیر وزیراعظم کی چیئرمین بی آئی ایس پی ماروی میمن سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 19 مئی 2017 18:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) غربت کے خاتمے اور مستحق خاندانوں کی امداد میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ موجودہ حکومت کی جانب سے اس کارخیر کے لئے وسائل میں اضافہ اور اس کے دائرہ کار میں وسعت خوش آئند اقدام ہے۔

وہ جمعہ کو چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن سے گفتگوکررہے تھے جنہوں نے جمعہ کو قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں مشیر وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ماروی میمن نے اپنے ادارے کی جانب سے نادار افراد کی امداد کے حوالہ سے مرتب کردہ رپورٹ بھی عرفان صدیقی کو پیش کی۔مشیر وزیراعظم نے کہاکہ پالیسیوں کا تسلسل اہم قومی اہداف کے حصول کے لئے ایک ناگزیر بنیادی تقاضا ہے۔

(جاری ہے)

خوشی کی بات ہے کہ پاکستان میں پالیسیوں کے تسلسل کی افادیت کے حوالے سے سیاسی جماعتوں میں پختگی پیدا ہوئی ہے ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بھی اس کی ایک عمدہ مثال ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس اچھے کام کو نہ صرف جاری رکھا ہے بلکہ اس کے وسائل میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا ہے اور اس عمل کی شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے اس کا دائرہ مزید مستحق خاندانوں تک پھیلایا ہے۔

تعلیم اور صحت کے پہلوئوں کو شامل کرنے سے اس پروگرام کی افادیت میں اضافہ ہوا ہے۔ عرفان صدیقی نے بی آئی ایس پی کی طرف سے تیار کردہ خصوصی رپورٹ کی تیاری اور 18 پاکستانی مقامی زبانوں میں اس کے تراجم شامل کرنے کی کاوش کو سراہا۔ ماروی میمن نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سماجی بہتری کے حوالے سے عالمی ساکھ کا حامل مثالی پروگرام بن چکا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ملک بھر میں ہر مستحق اور نادار خاندان تک پہنچیں اور اسے پروگرام میں شامل کریں۔ انہوں نے پروگرام میں سو فیصد شفافیت لانے کے لئے نئے مشینی اقدامات کی تفصیل بتائی۔

متعلقہ عنوان :