ایس ای سی پی کاسرمایہ کاروں کی آگہی کیلئے کراچی میں دو روزہ فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کا انعقاد

جمعہ 19 مئی 2017 18:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2017ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی)نے سرمایہ کاروں کی آگہی کے لئے کراچی میں دو روزہ فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام کا انعقاد کیا۔ پروگرام ایچ ای سی ، عالمی بینک اور یو کے ایڈ کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔کراچی اور ملحقہ شہروں کی پندرہ یونیورسٹیوں کے اساتذہ نے پروگرام میں شرکت کی۔

جمعہ کو سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق یہ پروگرام سرمایہ کاروں کی آگہی کے لئے ایس ای سی پی کی کاوش کا حصہ ہے جس کے تحت ملک بھر میں متعدد سیشنز منعقد کئے جا چکے ہیں۔ مذکورہ پروگرام کا مقصد یونیورسٹی اساتذہ کو ایس ای سی پی کے منضبطہ مالیاتی شعبوں کے بارے بہتر آگہی فراہم کرنا اور سرمایہ کاروں کے لئے میسر سرمایہ کاری کے امکانات سے روشناس کروانا تھا۔

(جاری ہے)

سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری سے آگاہ کرنے اور مالیاتی دھوکہ بازیوں سے بچانے کے لئے متعلقہ معلومات کی تشہیر کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔جے ایس انویسٹمنٹس لمیٹڈ، عارف حبیب ڈولمین رِیٹ مینجمنٹ لمیٹڈ، جوبلی لائف انشورنس کمپنی لمیٹڈ، میزان بینک لمیٹڈ، جے اے ایس بی اینڈ ایسوسی ایٹس، پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج لمیٹڈ، نائل کیپٹل (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور کور ایڈوائزرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے تعاون سے منعقدہ اس سیمینار میں میوچل فنڈز، رضاکارانہ پنشن سکیموں، سرمایہ کاری کی ایڈوائزری، رِیٹس، انشورنس، کمپنیوں کی تشکیل، کماڈٹی مارکیٹس، ایکویٹی اور کیپٹل مارکیٹس، تابعِ شریعت سرمایہ کاریوں اور پرائیویٹ ایکویٹیز کے بارے میں آگہی فراہم کی گئی۔

مقررین نے متعلقہ شعبوں میں مواقع، خطرات، خوبیوں اور خامیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کرنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ کے پاس تمام ضروری معلومات ہوں۔ سوال و جواب کی نشست میں اساتذہ نے مقررین سے پٴْر مغز سوالات کئے۔ انہوں نے اپنی یونیورسٹی میں ایسے آگہی سیشنز منعقد کرنے اور اس ضمن میں ایم او یوز کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی، لاہور سکول آف اکنامکس،ایس زیبسٹ حیدر آباد،اقرا یونیورسٹی، ہمدرد یونیورسٹی، یونیورسٹی آف تٴْربت،بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی، اسرا یونیورسٹی حیدر آباد،جناح یونیورسٹی برائے خواتین، انسٹی ٹیوٹ آف بزنس اینڈ ٹیکنالوجی،انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن، سکھر،سند ھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی، مہران یو ای ٹی،فاسٹ سکول آف مینجمنٹ اور گرینج یونیورسٹی کے تدریسی عملہ نے تربیتی نشست میں شرکت کی۔

ایس ای سی پی کوشاں ہے کہ ایچ ای سی کے ساتھ مل کر پاکستا ن میں اساتذہ کو پاکستان کی مالیاتی مارکیٹس کے بارے میں زیادہ بہتر تیار کر کے ان مارکیٹوں کے بارے میں معلومات اور آگہی کو فروغ دیا جائے۔ اس ضمن میں ایس ای سی پی نے عالمی بینک کے تعاون سے ایک جامع پروگرام اور ایک تفصیلی ٹٴْول کٹ تیار کی ہے جو شرکا کی مسلسل معاونت کے لئے انہیں فراہم کی جاتی ہے۔( و خ )

متعلقہ عنوان :