پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے ،گوادر میں روزگار پر سب سے پہلا حق وہاں کے عوام کا ہے ، شیخ رشید

بھارت جان لے ہم اس سے دوستی ضرورچاہتے ہیں مگر کشمیریوں پر ظلم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، جلسے سے خطاب

جمعہ 19 مئی 2017 18:51

پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے ،گوادر میں روزگار پر سب سے ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے گوادر میں روزگار پر سب سے پہلا حق وہاں کے عوام کا ہے جو انہیں ملنا چاہئے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو پی ٹی آئی بلوچستان کے زیراہتمام ایوب اسٹیڈیم میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کا سیاسی کیرئیر ختم ہوچکا ہے اور جلد ہی انکا سیاسی جنازہ بھی نکل جائے گا میں ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سن لے کہ ہم اس سے دوستی ضرورچاہتے ہیں مگر کشمیریوں پر ظلم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے گوادر پورٹ میں ملازمتوں پر سب سے پہلا حق یہاں کے مقامی لوگوں کا ہے جو اسے ہر صورت ملنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاک چین دوستی پر فخر ہے اور یہ دوستی انشاء اللہ آخر تک نبھائیں گے،انہوں نے کہا کہ چین کو گوادر اور جیونی میں زمین الاٹ کردی گئی ہے ہم کبھی بھی ترقی اور گوادر سی پیک کے مخالف نہیں رہے ہیں مگر ہمیں افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ سی پیک کے حوالے سے گوادر میں بسنے والے لوگوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک کا دفاع ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے میں وہ واحد سیاستدان ہوں جس نے بچپن میں جیل کاٹی ہے۔