اکاخیل اتحاد پاکستان کان پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان

تعلیم اور خاص طور پر بچیوں کی تعلیم دہشتگردی کی سوچ کو شکست دینے کے لئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے، تعلیم کے فروغ میں ملالہ یوسفزئی ایک درخشندہ مثال ہے، نصاب پر نظرثانی کی ضرورت ہے ، آصف زرداری

جمعہ 19 مئی 2017 23:39

اکاخیل اتحاد پاکستان کان پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2017ء) سماجی بہبود کی تنظیم اکاخیل اتحاد پاکستان کے ایک 25رکنی وفد نے حاجی نور شیر اکاخیل کی قیادت میں سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری سے جمعہ کی شام زرداری ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی اور پاکستان پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر سینیٹر سردار علی خان، ڈاکٹر قیوم سومرو، سابق صدر کی پولیٹیکل سیکریٹری رخسانہ بنگش اور سینیٹر فرحت اللہ بابر بھی موجود تھے۔ یہ تنظیم پشاور، کراچی اور سوات میں سماجی بہبود کے کام کررہی ہے۔ وفد کے لیڈر نے اپنے فلاحی کاموں کے متعلق سابق صدر کو آگاہ کیا۔ سابق صدر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے فلاحی کاموں خاص طور پر سوات میں دہشتگردی کے باعث متاثرہ لوگوں کی بحالی کو سراہا۔

(جاری ہے)

سابق صدر نے کہا کہ تعلیم اور خاص طور پر بچیوں کی تعلیم دہشتگردی کی سوچ کو شکست دینے کے لئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ میں ملالہ یوسف زئی ایک درخشندہ مثال ہے۔ پاکستان کے عوام خاص طور پر سوات کے عوام ان کی تعلیم کے حق کے لئے جدوجہد پر انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ سابق صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ سابق صدر نے نصاب پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا اور تعلیمی اداروں میں آزادانہ بحث و مباحثے کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نصاب سے نفرت انگیز مواد نکالا جائے جو مذہبی انتہاپسندی اور فرقہ واریت کو ہوا دیتا ہے۔ وفد نے ملاقات کے لئے وقت دینے پر سابق صدر کا شکریہ ادا کیا۔